مہوبہ:،15اکتوبر(یواین آئی)اترپردیش میں ضلع مہوبہ کے پنواڑی علاقے میں مشتبہ حالت میں ایک شخص کی لاش ملنے سے علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ ونود سنگھ نے بتایا کہ للت پور کے مہرونی میں واقع کاشی رام کالونی کے رہنے والے لاکھن ٹیکم گڑھ ایک پرائیویٹ بور ویل کمپنی میں مزدور تھا۔کنہتا روڈ پرکل شام پلیا کے نزدیک لوگوں نے اس کی لاش دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی۔اطلاع پر ہلاک شدہ کے بھائی کے ساتھ پولیس بھی جائے وقوع پر پہنچی ۔پولیس نے لاش کی شناخت لاکھن کے طورپر کی۔
انہوں نے بتایا کہ ہلاک شدہ کے بھائی نیرج نے لاکھن کا قتل ہونے کا الزام لگایا ہے ۔نیرج نے بتایا کہ اس کا بھائی بورویل کمپنی کے مالک سے مزدوری مانگنے گیا تھا۔اس نے شک ظاہر کیا ہے کہ اسے پیسے نہ دے کر بورویل مشین گاڑی سے کچل دیاگیا ۔
مسٹر سنگھ نے بتایا کہ نیرج کی شکایت پر کمپنی کے مالک دیویندر کمار اور گاڑی کے ڈرائیور اشوک کے خلاف معاملہ درج کرلیا گیا ہے ۔پولیس معاملے کی تفتیش کررہی ہے ۔