مہوبہ: اترپردیش میں مہوبہ کے شہر کوتوالی علاقے میں تنخواہ نہ ملنے کی وجہ سے پریشان ایک نوجوان نے پھندا لگا کر خود کشی کر لی۔پولیس سپرنٹنڈنٹ دھننجے سنگھ نے آج یہاں بتایا کہ بنیادی طورپر بھٹي پورا کارہنے والا امت کمار (18) پلکا گاؤں میں واقع اسٹون کریشر میں کام کرتا تھا۔وہ کریشر پلانٹ میں مزدوروں کے لئے بنے کمروں میں سے ایک میں اکیلا رہتا تھا۔ کل رات وہ اپنے کمرے میں سویا تھا۔ صبح اس کی لاش چھت کے کنڈے سے رسی کے سہارے لٹکی ہوئی ملی۔ساتھی مزدوروں نے پولیس کو تفتیش میں بتایا کہ اقتصادی تنگی کی وجہ سے گزشتہ چند دنوں سے وہ پریشان تھا۔نوٹوں کی منسوخی کے بعد سے اسٹون کریشر میں مزدوروں کو تنخواہ ملنی مشکل ہو رہی تھی۔ادھر کیرشر اکاؤنٹنٹ دیویندر نے پلانٹ کے کارکنوں کے سامنے تنخواہ کا مسئلہ ہونے کی بات کو مسترد کیا ہے ۔ پولیس اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے ۔