مہوبہ: کئی برسوں سے خشک سالی کی مار جھیل رہے اتر پردیش میں بندیل کھنڈ کے مہوبہ میں اب موسلادھار بارش ہونے کی وجہ سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک خاتون سمیت چار افراد کی موت ہو گئی۔
پولیس ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ بھٹپورا علاقے میں بارش سے رات میں ایک کچے مکان کی دیوار گر گئی جس کے ملبے میں رام کمار پال دب گیا۔ پڑوسیوں نے فوراََ ملبہ ہٹا کر اسے بچانے کی کوشش کی لیکن اس وقت تک اس کی موت ہو چکی تھی۔
دوسری طرف فتح پور بجریا میں ریلوے کے انڈر برج میں بھرے ہوئے پانی میں وشنو نامی نوجوان کی آج صبح تیرتی لاش ملی۔ مرنے والا شخص شام سے لاپتہ تھا۔ اس کی پانی میں ڈوبنے سے موت ہونے کی بات کہی جا رہی ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ مسلسل ہونے والی بارش کے پانی سے پوری طرح بھیگ جانے کے سبب سردی سے کانپ رہے ایک شخص کو علاج کے لئے ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جس کی علاج کے دوران دیر رات موت ہو گئی۔ مرنے والے شخص کی شناخت نہیں ہو سکی۔
اسی طرح اجنر علاقے کے جیلوارا میں 26 سالہ وملاکانتی نالے کے پانی کے تیز بہاؤ میں کل شام بہہ گئی۔ اس کی لاش ابھی برآمد نہیں ہوسکی ہے ۔