لکھنؤ(بیورو)میئر ڈاکٹر دنیش شرما سنیچر کو زون چارکے میتھلی شرن گپت مارگ اور زون دو کے بشیرت گنج وارڈ کا دورہ کیا۔ اس دوران میئر علاقے کے عوامی مسائل سے روبرو ہوئے۔ اس موقع پر موجود افسران سے میئر نے علاقے کے مسائل حل کئے جانے کی ہدایت دی۔
سنیچر کو میئر ڈاکٹر دنیش شرما زون چار کے میتھلی شرن گپت وارڈ پہنچے۔ جہاں سیکٹر اے -۲۰۰کے سامنے خواتین نے سیور مین ہول کور ٹوٹنے اور پینے کے آلودہ پانی کی فراہمی
کی شکایت کی۔ اس پر میئر نے علاقے کے جونیئر انجینئر کی سرزنش کرتے ہوئے فوری کارروائی کی ہدایت دی۔ ساتھ ہی پینے کے صاف پانی کی فراہمی کی ہدایت دی۔ مقامی لوگوں نے وارڈ میں اسٹریٹ لائٹ بندوبست نہ ہونے کی بھی شکایت کی۔ اس کے بعد میئر ڈاکٹر دنیش شرما نے بشیرت گنج وارڈ کا معائنہ کیا۔ جہاں کے باشندوں کی جانب سے نالے کی صفائی کئے جانے کی درخواست کی گئی۔ لوگوں نے علاقے میں پھیلی گندگی ، پینے کے پانی کا بندوبست درست کرنے اور سیور کے مسائل سے واقف کرایا۔ اس پر ساتھ میں موجود متعلقہ افسران کو میئر نے ہدایت دی کہ وقت کے اندر مسائل کا نمٹارہ کیا جائے۔انہوں نے بشیرت گنج ، رانی گنج، ہری نگر، دوگانواں سمیت پورے وارڈ میں سیور مینول اور جیٹنگ مشین لگا کر صفائی کرانے کی ہدایت دی۔ رانی گنج، خورشید باغ کی گلیوںمیںنالیوں کی صفائی اور سلٹ نکالنے کیلئے میئر نے صفائی انسپکٹر کو انتباہ دیا کہ نالیوں کی صفائی کر کے فوراً سلٹ اٹھوا دیں۔ عالم باغ کانپور روڈ پر سیور اور نالے کا پانی بھر جانے کی شکایت پر زونل افسر کو پمپ کے ذریعہ پمپ نکالنے کی ہدایت دی۔