مﺅ: اترپردیش میں مﺅ کی ایک عدالت نے سوا چار سال قبل ہونے والے قتل کے ایک معاملے کے ملزمان میاں بیوی کو عمر قید کی سزا سنائی ہے ۔ عدالت نے ان دونوں پر فی کس دس ہزار روپے کا جرمانہ بھی لگایا ہے ۔استغاثہ کے مطابق گھوسی علاقے میں مشولی گاوں کے باشندہ بنجھول چوہان کی چار لڑکیاں تھیں اور وہ اپنی زمین انہیں کو دینا چاہتا تھا۔ جس کی اس کا بھتیجہ مہندر چوہان مخالفت کرتا تھا۔ اسی زمین کے لئے مہندر اس کی بیوی ریتا اور بھوگوناتھ نے 17 جون 2011 کو بنجھول اور اس کی لڑکی شکنتلا کو مارپیٹ کرکے زخمی کردیا، جس سے علاج کے دوران بجھول کی موت ہوگئی۔اس معاملے کی سماعت کے بعد ایڈیشنل سیشن جج ڈاکٹر اجے کمار نے اپنے چچا کے قتل کے معاملے میں نامزد مہندر اور اس کی بیوی ریتا کو قصوروار قرار دیتے ہوئے کل شام عمر قید کی سزا سنائی اور دونوں پر فی کس دس ہزار روپے کا جرمانہ بھی لگایا۔بھوکو کے نابالغ ہونے کی وجہ سے اس کا معاملہ چائلڈ عدالت میں چل رہا ہے ۔