میرٹھ (نامہ نگار)پارلیمانی انتخابات کے تیسرے مرحلہ میں آج زبردست حفاظتی انتظامات کے درمیان میرٹھ ضلع کے سات اسمبلی حلقوں میں ووٹ ڈالے گئے۔ میرٹھ ہاپوڑ پارلیمانی نشست کے ۱۳؍امیدواروں کے قسمت کا فیصلہ آج ای وی ایم میں قید ہوگیا۔زبردست حفاظتی بندوبست کے درمیان سٹی مجسٹریٹ کی نگرانی میں ای وی ایم مشین کو سیل کرکے ٹریجری دفتر میں بحفاظت رکھ دیا گیا۔واضح رہے کہ میرٹھ ضلع کے تحت چاراسمبلی حلقہ ہیں۔
مذکورہ اسمبلی حلقوں پر گزشتہ انتخابات کے مقابلے ووٹ فیصد میں زبردست اضافہ ہوا۔ اس مرتبہ نوجوانوں میں ووٹ دینے کے لئے کافی جوش وخروش تھا جبکہ نوجوان لڑکیوں نے بھی جوش وخروش سے ووٹ دیئے۔ مسلم اکثریتی علاقوں میں مسلمانوں کے نام ووٹر فہرست میں شامل نہ ہونے کی وجہ سے ہزاروں ووٹر حق رائے دہی کا استعمال کرنے سے محروم رہ گئے۔ اس بات کی شکایت انتظامیہ سے بھی کی گئی لیکن کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا۔کچھ پولنگ بوتھوں پر بی ایس پی اور ایس پی کے حامیوں کے درمیان تصادم بھی ہوا جس پر پولس نے قابوپالیا۔پولنگ کے اوقات میں ایس ایس پی وضلع الیکشن افسر پولنگ مراکز کا معائنہ کرتے رہے۔میرٹھ میں تقریباً ۷۰فیصد ووٹ ڈالے گئے۔