نئی دہلی، 6 اگست (یو این آئی) بہوجن سماج پارٹی کی سربراہ اور یوپی کے سابق وزیراعلی مایاوتی نے میرٹھ کی ایک دوشیزہ کے اغوا اور اجتماعی عصمت دری معاملے کی سی بی آئی انکوائری کا مطالبہ کیا ہے۔ محترمہ مایاوتی نے آج یہاں پارلیمنٹ کے
احاطے میں نامہ نگاروں سے کہا کہ یہ سنگین معاملہ ہے اور ہماری پارٹی اس کی سخت مذمت کرتی ہے۔ یوپی حکومت اس معاملے پر سنجیدہ نہیں ہے اور اس کی انکوائری سی بی آئی سے کرائی جانی چاہئے۔خیال رہے کہ میرٹھ میں ایک دوشیزہ کے اغوا اور اجتماعی عصمت دری کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ لڑکی نے ملزمین پر جبراً مذہب تبدیل کرانے کا بھی الزام لگایا ہے۔ اس معاملے کی گونج کل پارلیمنٹ میں بھی سنائی دی اور اس پر لوک سبھا میں سماجوادی پارٹی اور بی جے پی کے اراکین کے درمیان نوک جھونک ہوئی۔ ایک دیگر سوال کے جواب میں محترمہ مایاوتی نے یو پی ایس سی سے سی سیٹ کو پوری طرح ہٹانے کا مطالبہ کیا۔