ممبئی ۔بالی ووڈ اداکارہ پرینکا چوپڑا اپنی آنے والی فلم میں میری کام کاکردار ادا کرنے کیلئے سخت محنت کررہی ہیں۔ بالی ووڈ کے مشہور فلمساز سنجے لیلا بھنسالی اولمپک فاتح باکسر میری کام کی زندگی پر ایک فلم بنا رہے ہیں۔ اس فلم میں پرینکا چوپڑا میری کام کا کردار ادا کررہی ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ پرینکا اپنے کردار کو بہتر کرنے کیلئے باکسنگ سیکھ رہی ہیں ۔ پرینکا چوپڑا روی شرن سے باکسنگ کی تربیت حاصل کررہی ہیں۔ روی شرن نے کہا کہ پرینکا نے مجھے کافی متاثر کیا ہے وہ اس کھیل کی سبھی باریکیوں کو سمجھنا چاہتی ہیں۔ ٹریننگ کے دوران پرینکا کو کئی بار چوٹ بھی لگی ہے لیکن انہوںنے اس کی پرواہ نہیں کی ۔ پرینکا ہر دن تقریباً پانچ سے چھ گھنٹے تک ٹریننگ لیتی ہیں جیسا کوئی باکسر ٹریننگ لیتا ہے۔ واضح رہے کہ بھاگ ملکھا بھاگ میں فلائنگ سکھ ملکھا سنگھ کے کردار کو کرنے کیلئے فرحان اختر نے کافی سخت محنت کی تھی اور اب میری کام کا کردار ادا کرنے کیلئے پرینکا چوپڑا بھی سخت محنت کررہی ہیں۔ پرینکا چوپڑا اس فلم کیلئے منی پوری زبان بھی سیکھ رہی ہیں۔