لندن۔یورپی فٹ بال ٹورنامنٹ چمپئن لیگ کے ایک گروپ میچ میں تین گول اسکور کرتے ہوئے ہسپانوی کلب بارسلونا کے کھلاڑی لیونل میسی نے اِس ٹورنامنٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول اسکور کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ ابھی چار ہی روز قبل بارسل
ونا کے فارورڈ لیونل میسی نے ہسپانوی لیگ میں سب سے زیادہ گول اسکور کرنے کا ریکارڈ قائم کیا تھا تاہم ایسا لگتا ہے کہ اِس سے اْن کا دل نہیں بھرا تھا۔ گزشتہ روز اپولوکے خلاف چمپئن لیگ کے ایک گروپ میچ میں اْنہوں نے ہیٹ ٹرک مکمل کرتے ہوئے یورپی کلبوں کے اِس اعلیٰ ترین ٹورنامنٹ میں بھی اب سب ہی سے زیادہ گول کر ڈالے ہیں۔ چمپئن لیگ میں لیونل میسی کے مجموعی گولوں کی تعداد اب 74 ہے۔ قبرص کے شہر نکوسیا میں منگل پچیس نومبر کی شب کھیلے گئے گروپ ایف کے اِس میچ میں بارسلونا کے لیے میچ کا پہلا گول لوئی سواریز نے کھیل کے ستائیسویں منٹ میں کیا۔ بعد ازاں میسی نے 38 ویں، 58 ویں اور 87 ویں منٹ میں گول کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو صفر کے مقابلے میں چار گول سے کامیابی دلوا دی۔ میسی کی چمپئن لیگ میں یہ پانچویں ہیٹ ٹرک تھی۔ بارسلونا کی ٹیم ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے کے لیے پہلے ہی کوالیفائی کر چکی ہے۔ لیونل میسی نے چمپئن لیگ کی تاریخ میں سب سے زیادہ 74 گول اسکور کرنے کا یہ ریکارڈ اپنے 91 ویں میچ میں قائم کیا ہے۔ اس سے قبل چمپئن لیگ میں سب سے زیادہ گول اسکور کرنے کا ریکارڈ ایک اور ہسپانوی کلب ریئل میڈرڈ اور جرمن کلب شالکے کے لیے کھیلنے والے راؤل گونزالز کے پاس تھا، جنہوں نے اس ٹورنامنٹ کے 142 میچ کھیلتے ہوئے 71 گول اسکور کیے تھے۔ یہ امر اہم ہے کہ ریئل میڈرڈ ہی کے ایک اور کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو نے بھی چمپئن لیگ میں 70 گول کر رکھے ہیں۔ رونالڈو آج بروز بدھ بازل کے خلاف ایکشن میں ہوں گے۔ لیونل میسی کے اس سنگ میل تک پہنچنے کے بعد بارسلونا کے کوچ لوئی اینریکے نے انہیں ’فٹ بال کی تاریخ کا سب سے اعلیٰ کھلاڑی‘ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’لیونل میسی فٹ بال کی تاریخ کے سب سے زبردست کھلاڑی ہیں اور یہ کھیل تمام کھیلوں کا بادشاہ کھیل ہے۔ میسی آئندہ کافی عرصے تک شائقین کو حیران کرتے رہیں گے۔چمپئن لیگ میں منگل کی شب کھیلے گئے ایک اور اہم میچ میں برطانوی کلب مانچسٹر سٹی نے اپنی میزبانی میں کھیلے گئے ایک میچ میں جرمن کلب بائرن میونخ کو دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی۔