برلن۔ارجنٹائن کے عالمی شہرت یافتہ فٹبال کھلاڑی لیونل میسی گھٹنے کی چوٹ کے باعث سات سے آٹھ ہفتوں کیلئے کھیل سے دور رہیں گے۔سنیچر کی شب سپینش فٹبال لیگ لا لیگا کے میچ میں لاس پالماس کے خلاف بارسیلونا کی نمائندگی کرتے ہوئے ان کے بائیں گھٹنے پر چوٹ آئی تھی۔ اس میچ میں بارسیلونا نے ایک کے مقابلے میں دو گول سے کامیابی حاصل کی۔28 سالہ میسی کھیل کے تیسرے منٹ میں زخمی ہوئے اور انھیں ہسپتال پہنچایا گیا۔وہ آئندہ آٹھ میچوں میں شرکت سے محروم ہوسکتے ہیں، تاہم امید ظاہر کی جارہی ہے 22 نومبر کو ریئل میڈرڈ کے خلاف اہم میچ میں وہ شرکت کر سکیں گے۔بارسیلونا کے کوچ لیوس اینریک کا کہنا ہے کہ ’جب کبھی میرا کوئی کھلاڑی زخمی ہوتا ہے تو میں پریشان ہوتا اور میں بہت زیادہ پریشان ہوتا ہے اگر وہ کھلاڑی میسی ہو۔‘ان کا کہنا تھا کہ ’ہم میسی کے بغیر اپنا انداز تبدیل نہیں کریں گے، اگر کھیل کے دوران ایسے کئی موقعے آتے ہیں جن سے میسی ہمیں آزاد کرواتا ہے اور کوئی حل تلاش کرتا ہے، چنانچہ اب ہمیں ایگر امور کی جانب زیادہ توجہ دینا ہوگی اور ٹیم کو ان کے بغیر آگے بڑھنا ہوگا۔‘میسی کے میدان چھوڑ کر جانے کے بعد سپیشن لیگ کے اس میچ میں لیوس سوریز نے دو گول کر کے اپنی ٹیم کو کامیابی دلائی۔