ورنداون : مرکزی وزیر برائے بہبود خواتین و اطفال مینکا گاندھی نے آج اترپردیش کے ورنداون میں بیواؤں کے لئے ایک ہزار بستروں پر مشتمل خصوصی آشرم ”سووادھار گرہ” کا سنگ بنیاد رکھا۔اس موقع پر محترمہ گاندھی نے خواتین سے متعلق مختلف اسکیموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کوبااختیار بنانا حکومت کی ترجیح میں شامل ہے ۔ اس کے لئے حکومت نے زمینی سطح پر کام کرنا شروع کردیا ہے ۔ضلع متھرا کے ورنداون میں مجوزہ ”سووادھار گرہ” میں ایک ہزار خواتین کے قیام و طعام کا انتظام ہوگا۔ سرکاری مدد سے بیواوں کے لئے بننے والا یہ سب سے بڑا آشرم ہوگا۔تقریباً ڈیڑھ ایکڑ زمین میں پھیلے ”سووادھار گرہ” کی تعمیر سرکاری تعمیراتی کمیٹی نیشنل بلڈنگ کنسٹرکشن کارپوریشن کرے گی جس کی تعمیر پر تقریباً 57 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔
بزرگوں کی دیکھ بھال کرنے والے ادارے ”ہیلپ ایج انڈیا” کی مدد سے اس عمارت کا ڈیزائن تیار کیا گیا ہے ۔ یہ عمارت چار منزلہ ہوگی اور اس میں ریمپ، لفٹ وغیرہ کا معقول انتظام ہوگا۔اس عمارت میں معذوروں اور بزرگوں کی ضرورتوں کا خاص خیال رکھا جائے گا۔ محترمہ گاندھی نے اس موقع پر تعمیرات کی جگہ ایک پودا بھی لگایا۔ محترمہ مینکا گاندھی نے اس موقع پر کہا کہ ان کی وزارت کی دو پروجیکٹوں ”سووادھار ” اور لگھوپرواس گرہ” کو ملاکر ”سودادھار گرہ” یوجنا شروع کی گئی ہے ۔ اس یوجنا کے تحت بے سہارا خواتین کو رہائش ، کھانا، کپڑا ، دوا اور خصوصی دیکھ بھال کی سہولتیں دستیاب ہوں گی۔