کانپور:میونسپل کارپوریشن محکمہ کے ملازمین کے ذریعہ کی جارہی لاپروائی کے سبب آئے دن حادثے ہورہے ہیں۔ ان حادثوں کی اطلاع ہونے کے بعد بھی محکمہ کے افسران خاموش ہیں ۔ چکیری تھانہ حلقہ واقع سنی گواں گاؤںمیں رہنے والے ببلو دودھ کا کاروبار کرتے ہیں۔
ان کا یکلوتا بیٹا کرشنا(۲)کھیلتے کھیلتے معصوم باہر آگیا اور وہ گھر کے باہر کھلے مین ہول میںگر گیا۔ بچے کو گرتے ہوئے سامنے آرہے نوجوان نے دیکھا اور وہ مدد کے لئے چیخنے لگا۔ شور سن کر علاقے کے لوگ اور بچے کی والدہ بھی آگئی۔ بچوں کو نکالنے کے لئے لوگ شورمچانے لگے۔ اسی درمیان ببلو بھی آگئے۔ اور لوگوں کی مدد سے مردہ بچے کو باہر نکالا۔ دو سال کے معصوم کی موت دیکھ کر ماں بیہوش ہوگئی۔ اور افرا تفری مچ گئی۔ مقامی باشندوں نے میونسپل کارپوریشن کے افسران کو اور ملازمین پر لاپروائی کا الزام لگا کر ہنگامہ شروع کردیا۔ معاملے کی اطلاع ہونے پر انسپکٹر چکیری کمل یادو پولیس ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔ انہوںنے مشتعل بھیڑ کو کارروائی کی یقین دہانی دے کر خاموش کرایا۔ لاش کا پنچ نامہ بھر کر پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا گیا۔
واردات کی اطلاع ضلع انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن محکمہ کو دے دی گئی۔