لکھنؤ۔(نامہ نگار)راجدھانی لکھنؤ میں پہلے مرحلہ میں ٹرانسپورٹ نگر سے منشی پلیا تک میٹرو ریل کے بعد اگلا پڑاؤقدیم شہرہوگا۔ساتھ چک گنجریا سٹی اور ہائی کورٹ کے نئے کیمپس تک بھی میٹر ولے جانے کی تیاری ہے ۔ شہر میںمیٹروریل کے دیگر راستوں کولیکر کرائی جارہی ٹیکنو فیزیبلٹی کی شروعاتی رپورٹ آگئی ہے۔اس میں روٹ اور ان پر ممکنہ مسافروں کی اطلاع جٹائی گئی ہے ۔ ایل ایم آر سی ابھی اس معاملے پر کھل کر کچھ بھی بولنے سے پرہیز کررہاہے ۔لیکن ایسا مانا جارہاہے کہ ایسٹ ۔ویسٹ کاریڈورکو تو ہری جھنڈی دیناطے ہے ۔ ساتھ میں سب سے پہلے رنگ لائن میٹرچلانے کی شروعات ہوگی ۔اس سے نئے فروغ دی جارہی چک گنجر یا سٹی اور کئی نئی کالونیوں کو جوڑاجاسکے گا۔اس کے علاوہ پالیٹکنک چوراہے سے نئے
ہائی کورٹ کیمپس کو نارتھ ۔ساؤتھ کاریڈور سے جوڑے جانے کا فیصلہ بھی بہت جلد کئے جانے کی امیدہے ۔
لکھنؤ میٹروریل کارپوریشن (ایل ایم آر سی )کے افسروں کے سامنے ٹیکنو فیزیبلٹی کی شروعاتی رپورٹ پیش کردی گئی ہے۔ ڈی ایم آر سی نے اس رپورٹ کو بنانے کا کام گزشتہ برس شروع کیاتھا۔ پہلے مرحلہ میں نارتھ ساؤتھ کاریڈور کو اجازت مل چکی ہے جبکہ دہلی میٹر وریل کارپوریشن (ڈی ایم آر سی )کو ۵۶کیلو میٹر کے ایسٹ ویسٹ کاریڈور (چارباغ سے بسنت کنج )اور شہید پتھ سے ملحق رنگ لائن میٹروکی رپورٹ بنانے کو کہا گیا تھا ۔
نئے روٹ کی ٹیکنو فزیبلیٹی رپورٹ بنانے کے لئے ڈی ایم آرسی کو ریاستی حکومت نے ۲ء۸۰کروڑروپئے دیاتھا۔ اس سے زیادہ کی اسٹڈی کرانے کے لئے ہر کیلومیٹرکے حساب سے پانچ لاکھ روپئے کی ادائیگی ڈی ایم آرسی کو کی گئی ہے ۔ آئندہ تین برس میں شہید پتھ کی دونوں جانب نئی کالونیوں کی بہت تیزی سے ترقی ہوجائے گی ۔ سی جی سٹی کو میٹروسے جوڑنے کے لئے ایل ڈی اے ،آواس وکاس پریشد ،نجی کمپنیاں مسلسل کوشش کررہی ہیںتاکہ حکومت کے اس ڈریم پروجیکٹ کو مزید فائدے مند بنایا جاسکے۔ واضح ہوکہ لکھنؤ میں میٹروریل کیلئے نارتھ ۔ساؤتھ کاریڈور میں پہلے مرحلے کا کام تیزی سے چل رہاہے ۔ اموسی ایئر پورٹ سے چارباغ تک آٹھ کیلو میٹر کیلئے سول کام اور آٹھ اسٹیشنوں کو بنانے کاکام تیزی سے چل رہاہے ۔ اس کام کو ۲۴ماہ میں پورا کرنے کے لئے لارسن اینڈ ٹوبرودن رات ایک کرکے کام کررہی ہے ۔
ان راستوں پر ہے میٹروکی تیاری :
ایسٹ ۔ویسٹ کاریڈور (چارباغ سے امین آباد ،قدیم لکھنؤہوتے ہوئے ہردوئی روڈ سے بسنت کنج تک )
مل ایریا لائن (مویا سے راجہ جی پورم ہوتے ہوئے وکٹوریہ اسٹریٹ سے میڈیکل یونیورسٹی چوراہے تک)
رنگ لائن (اموسی ایئر پورٹ کے پہلے شہید پتھ پر ۱۵کیلومیٹر لمبی لائن فیض آباد روڈ سے نیو ہائی کورٹ )
پالیٹکنک چوراہا سے نیو ہائی کورٹ لنک لائن (نیو ہائی کورٹ کیمپس سے سیدھے نارتھ ۔ایسٹ کاریڈورسے جڑے گا )