میرپور۔بنگلہ دیش کے کپتان مشفق الرحیم نے پاکستان کے خلاف شکست کی وجہ مشرفی مرتضی اور ضیاالرحمن کے دو اوورز کو قرار دیا اور کہا ہے کہ 160,170 رنز ہوتے تو ہم بناسکتے تھے۔ لیکن اس خراب کارکردگی کا دفاع نہیں کروں گا، ہمارے پاس ٹی ٹوئنٹی کے اسپیشلسٹ اور میچ فاتح کھلاڑی نہیں ہیں۔ جب تک ہمارے پاس شاہد آفریدی اور حفیظ جیسے فائر پاور والے بیٹسمین نہیں ہوں گے اور ہم اس فارمیٹ میں آگے نہیں بڑھ سکتے۔ ٹورنامنٹ میں بعض اچھی اور مثبت چیزیں بھی سامنے آئیں لیکن کھلاڑیوں کو احساس ذمے داری دکھانا ہوگا۔ آسٹریلیا کے خلاف آخری میچ میں ہمارے پاس کچھ گنوانے کو نہیں ہے اس لئے ٹورنامنٹ کا اختتام جیت کے ساتھ کرنا چاہتے ہیں۔ آل آئوٹ جاکر اگلا میچ جیتیں گے۔ مشفق الرحیم نے کہاکہ ہماری کارکردگی مایوس کن رہی ہے۔ دو اوورز میں مشرفی اور ضیانے چالیس رنز دیئے۔ جس نے ہمیں ایڈوانٹیج سے دور کردیا۔ حالانکہ ہمارے اسپنرز نے اچھی بولنگ کی۔ انہوں نے کہا کہ احمد شہزاد نے اچھی بیٹنگ کی۔ ہار کے باوجود پاکستان کے خلاف میچ میں بہتری دکھائی ہے لیکن مزید بہتری کے ساتھ ٹورنامنٹ ختم کرنا چاہتا ہوں۔ انہوں نے کہا پاکستان، ہندوستان،آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز جیسی ٹیموں کے خلاف ٹیم کی طرح کھیلنا ہوگا۔ ہمارے گروپ کی بڑی ٹیمیں مضبوط تھیں، ہمارے کھلاڑی اس کلاس کے نہیں تھے اور نہ وہ اس کلاس کی کارکردگی دکھا سکے۔ اس لئے ہمیں انٹرنیشنل سطح پر اپنے پاس میچ ونر اور فائر پاور کھلاڑیوں کو کھلانا ہوگا اس کے بغیر کوئی چارہ نہیں ہے۔