کانپور (نامہ نگار)کانپور میں بجلی تخفیف ہمیشہ سے ہوتی آرہی ہے۔ہم نے اس تخفیف کو بہت کم کردیا ہے۔ لیکن بجلی تخفیف کو میڈیا نے بہت بڑا مسئلہ بناکر عوام کے سامنے پیش کردیا ہے۔ اسی لئے ہمیں بجلی تخفیف زیادہ محسوس ہونے لگی ہے۔ٹرانسفارمر وغیرہ کی چوری کے معاملے پر متعلقہ کیسکو افسران کے خلاف مقدمہ درج کرالیا جاتاہے۔بعد میں کیا کارروائی ہوئی ہمیں معلوم نہیں ہوتا۔مذکورہ باتیں کیسکوکے منیجنگ ڈائریکٹر ایس این باجپئی نے ایک انٹرویو کے دوران کہیں۔انہوں نے کہا
کہ میری پیدائش کانپورمیں ہی ہوئی ہے۔ گزشتہ بیس برسوں میں کانپور کو کبھی بھی بجلی تخفیف سے نجات نہیں ملی ہے۔اس مرتبہ خصوصی کوششوں کے ذریعہ بجلی تخفیف کے اوقات کو چارگھنٹوں تک محدودکردیا گیا ہے۔ صرف ایک دن بجلی تخفیف ساڑھے پانچ گھنٹے کے لئے کی گئی تھی اس کے علاوہ کبھی بھی بجلی تخفیف چارگھنٹے مسلسل نہیں کی گئی۔جہاں تک رات کی تخفیف کا تعلق ہے یہ کوئی نئی بات نہیں ہے کیونکہ سیاسی دباؤ کے تحت بھی وقتاً فوقتاً ایسا فیصلہ کرنا پڑتاہے۔اس لئے ہمارے لئے بجلی تخفیف کرنا مجبوری ہوجاتی ہے۔ ہم صرف ایک شہر کے لئے پورے اترپردیش میں اندھیرانہیں کرسکتے۔ ایسا نہیں ہے کہ یہ مسئلہ صرف ایک مرتبہ پیش آیا ہو پہلے بھی ایسا ہوتاتھا اس مرتبہ میڈیا نے بجلی تخفیف کو ایک مدعا بنادیا ہے اور وہ اس مسئلے کو بڑھا چڑھاکر پیش کررہاہے جس کی وجہ سے عوام گمراہ ہورہے ہیں اور انہیں بجلی تخفیف ایک سنگین مسئلہ نظرآنے لگا ہے۔