ویلنگٹن۔(ایجنسی)۔ نیوزی لینڈ کے کپتان برینڈن مکالم نے ناقابل تسخیر ڈبل سنچری اسکور کرتے ہوئے یہاں کھیلے جارہے دوسرے ٹسٹ میں ہندوستانی ٹیم کے ایک واضح کامیابی کو شدید نقصان پہنچا دیا ہے، جیسا کہ مکالم نے بی جے واٹلنگ کے ہمراہ چھٹی وکٹ کے لئے عالمی ریکارڈ 352 رنز اسکور کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو مستحکم موقف میں پہنچایا۔ یہاں رواں دوسرے ٹسٹ کے چوتھے دن کھیل کے اختتام پر نیوزی لینڈ نے 571/6 رنز
اسکور کرتے ہوئے مقابلہ میں 325 رنز کی سبقت حاصل کرلی ہے جب کہ مکالم نے 525 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 281 کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ہے جس میں 28 چوکوں اور 4 چھکے شامل ہیں۔ دریں اثناء دوسرے ناٹ آؤٹ بیٹسمین آل راؤنڈر جیمی نیشم ہیں جنھوں نے 96 گیندوں میں 9 چوکوں کی مدد سے 67 رنز اسکور کرنے کے علاوہ کپتان کے ہمراہ ساتویں وکٹ کے لئے غیر مفتوح 125 رنز کی پارٹنرشپ نبھائی ہے۔ ہندوستانی ٹیم جس نے نیوزی لینڈ کو 94/5 کی نازک صورتِ حال میں دھکیل دیا تھا، آج کے کھیل کے اختتام کے بعد اب اسے خود کو شکست سے محفوظ رکھنے کے لئے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرنی ہوگی۔
مکالم اور واٹلنگ نے 123 اوورس تک ہندوستانی بولروں کو وکٹ لینے میں کامیاب ہونے نہیں دیا بلکہ ہندوستان کی 246 رنز کی سبقت کو بھی ختم کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو اننگز شکست سے محفوظ رکھا۔ مکالم نے وکٹ پر تقریباً 6 سیشنس بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کے لئے ایک کپتانی اننگز کی مثال قائم کی ہے اور وہ کل ٹرپل سنچری بھی اسکور کرسکتے ہیں، جیسا کہ انھوں نے آج دوسرے ٹسٹ میں دوسری ڈبل سنچری اسکور کرتے ہوئے سیریز میں یکے بعد دیگرے دو ڈبل سنچریاں اسکور کرنے والے پہلے نیوزی لینڈ کے کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔ ہندوستان کے لئے ظہیر خان کامیاب بولر ثابت ہوئے جنھوں نے 129 رنز کے عوض 3 وکٹیں اپنے نام درج کرلیا ہے جب کہ محمد سمیع نے 136 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ہے جس میں عالمی ریکارڈ پارٹنرشپ کو توڑنے کا اعزاز بھی حاصل ہے، جیسا کہ انھوں نے واٹلنگ کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا اور ہندوستانی بولروں کی آج یہ واحد کامیابی رہی۔ پہلی اننگز میں نیوزی لینڈ کے بیٹنگ شعبہ کو تہس نہس کرنے والے فاسٹ بولر ایشانت شرما 39 اوورس میں 124 رنز دینے کے باوجود دوسری اننگز میں وکٹ حاصل نہیں کرپائے۔ جزوقتی بولروں میں کپتان مہندر سنگھ دھونی نے ویراٹ کوہلی اور روہت شرما کے ساتھ اپنی بولنگ صلاحیتوں کا بھی امتحان لیا، تاہم ان کے ایک اوور میں 5 رنز بنائے گئے جب کہ روہت شرما نے 11 اوورس میں 40 رنز اور کوہلی نے 6 اوورس میں 13 رنز دیئے۔ چھٹی وکٹ کے لئے 2009ء میں احمدآباد میں مہیلا اور پرسنا جئے وردھنے نے ہندوستان کے خلاف 350 رنز کا ریکارڈ بنایا تھا، جیسا کہ آج مکالم اور واٹلنگ نے توڑ دیا جب کہ مکالم کو آج نیوزی لینڈ کے لئے ٹرپل سنچری اسکور کرنے والے پہلے بیٹسمین ہونے کا اعزاز حاصل ہوگا، جیسا کہ مارٹن کرو نے 1991ء میں اسی میدان پر سری لنکا کے خلاف 299 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔