عشق زادے سے اپنے فلمی کیریئر کی شروعات کرنے والے پروڈیوسر بونی کپور کے اداکار بیٹے ارجن کپور نے اب تک کچھ چھ فلمیں ہی کی ہیں جن میں سے اورنگ زیب اور فائینڈنگ فنی نے باکس آفس پر کوئی خاص کامیابی حاصل نہیں کی۔ ان کے کیریئر کی چھٹویں فلم ’’تیور‘‘ ا
ب ریلیز ہوئی ہے جسے زبردست کامیابی حاصل ہو رہی ہے۔ یہ فلم تلگو سوپر ہٹ فلم ’’اوکڈو‘‘ کا ہندی ری میک ہے۔ یہ فلم ایکشن، کامیڈی، رومانس کا ڈرامہ ہے۔ فلم کی ریلیز سے قبل پرموشن کے لئے حیدرآباد آئے ارجن کپور نے سیاست کو جو خصوصی انٹرویو دیا اس کا خلاصہ یہاں پیش ہے۔
س : ’’تیور‘‘ سے آپ کو کیا توقعات ہیں؟
ج : ہر اداکار کو اپنی ہر نئی فلم سے توقعات ہوتی ہیں اور اسی طرح مجھے بھی تیور سے بہت ساری توقعات ہیں۔ ویسے تو یہ تلگو کی ہٹ فلم ’’اوکڈو‘‘ کا ہندی ری میک ہے لیکن اس کی اسکرپٹ میں امیت شرما نے کئی ایک تبدیلیاں کی ہیں۔ فلم تفریح کے ساتھ ساتھ عوام کو ایکشن اور کامیڈی بھی دے گی۔
س : امیت رویندر ناتھ شرما ایک ایڈ فلم میکر ہیں ان کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ کیسا رہا؟
ج : امیت کی یہ پہلی فلم ہے وہ اہل اور قابل ہدایتکار ہیں۔ وہ ایک اچھے رائٹر بھی ہیں وہ اپنی اسکرپٹ میں نیا پن لانا چاہتے ہیں۔ فلم کی ہدایتکاری میں انہوں نے خوب محنت کی ہے۔
س : ہوم پروڈکشن فلم ’’تیور‘‘ میں کام کرنے کا احساس کیسا رہا؟
ج : پتہ نہیں مستقبل میں میں اپنی اور کتنی ہوم پروڈکشن فلمیں کرپاؤں گا لیکن میں اپنے والد بونی کپور اور چاچا سنجے کپور کی یہ فلم کرکے سمجھتا ہوں کہ میں نے اپنے بچپن کا خواب پورا کرلیا ہے۔ میرے والد نے کبھی میرے پروفیشن میں مداخلت نہیں کی اور تیور کے دوران بھی میں نے آزادانہ طور پر کام کیا ہے۔
س : تیور میں آپ کبڈی چیمپین ہیں کبھی آپ نے بچپن میں کبڈی کھیلی ہے۔ یا یہ آپ کا پہلا اتفاق ہے؟
ج : نہیں میں نے صرف فٹ بال کھیلا ہے میں اپنے مکان میں کبھی ننگے پیر نہیں چلا لیکن اس فلم کے لئے مجھے ننگے پیر دھول اور مٹی میں کبڈی کھیلنی پڑی۔ میں نے اس کے لئے سخت محنت کی ہے۔ یہی نہیں ریہرسل کے لئے ہم نے اپنے آفس کے پیچھے ایک کبڈی گراؤنڈ بنایا واقعی یہ بہت مشکل کھیل ہے۔
س : فائیڈنگ فنی کی ناکامی کے بعد آپ نئی فلمیں کافی سوچ سمجھ کر کررہے ہیں اور تیور کے ختم ہونے تک آپ نے کوئی نئی فلم سائن نہیں کی؟
ج : ہاں میں فی الحال نئی فلمیں کافی سوچ سمجھ کر کررہا ہوں۔ ایسا نہیں کہ کسی فلم کی ناکامی کے بعد ایسا کیا جائے بلکہ وقت کے ساتھ ساتھ امیج بھی بدلتا ہے اور کیریئر کے اس موڑ پر ایسا کرنا بھی ضروری ہو جاتا ہے۔ ہاں میں نے اب تک کوئی فلم سائن نہیں کی اور جو بھی اسکرپٹس میرے پاس آئی میں میں انہیں تیور کی ریلیز کے بعد ہی سائن کروں گا۔
س : مستقبل میں اپنے چاچا انیل کپور کی کوئی ہٹ فلم کرنی ہوتو آپ کونسی فلم کرنا چاہیں گے؟
ج : مسٹر انڈیا کیونکہ اس فلم میں، میں زیادہ تر اسکرین سے غائب رہوں گا اور وہ وقت اپنے گھر والوں کو دے پاؤں گا لیکن میں یہی فلم کروں گا کیونکہ اس میں فن اور مستی ہے۔
س : فلم کا ایک گیت ’’میں تو سوپر مین سلمان کا فین کو شرمنیر نے لکھا ہے یا ان سے لکھوایا گیا ہے؟
ج : نہیں یہ گیت میرے کیریکٹر کے مطابق لکھا گیا ہے۔ اسے لکھوایا نہیں گیا۔ فلم میں میرا کردار ہی کچھ اس طرح کا ہے۔ میں پنٹو نامی ایک کبڈی چیمپین ہوں جو اپنی زندگی جیتا ہوں اس پر یہ گیت بہت جچتا ہے۔
س : فلم میں آپ نے آگرہ کے پنٹو اور سوناکشی نے متھرا کی ڈانسر رادھیکا کا رول کیا ہے۔ آپ دونوں کی کمیسٹری کیسی رہی؟
ج : ہم نے آپس میں خوب مستی کی آن اسکرین ہماری جوڑی سب کو خوب پسند آرہی ہے اور آئے گی۔
س : فلم کرنی ہے یا نہیں اس کے لئے آپ کیا دیکھتے ہیں؟
ج : پہلے اسکرپٹ پھر اپنا کردار اور پھر ڈائرکٹر مجھے نئے پرانے یا مشہور یا ہٹ فلمیں دیئے ہوئے۔ ڈائرکٹر کا ہونا ضروری نہیں۔ میں صرف اتنا دیکھتا ہوں کہ ڈائرکٹر قابل ہو کیونکہ وہی فلم تو ہٹ کرواتا ہے۔
س : کس طرح کی فلمیں کرنا چاہتے ہیں؟
ج : میں کامیڈی اور ایکشن فلمیں کرنا چاہتا ہوں ویسے میں ہر طرح کی فلمیں کرنا چاہتا ہوں لیکن ان میں مجھے یہ دو سبجکٹس کرنے میں بہت دلچسپی ہے کیونکہ میں یہاں تفریح فراہم کرنے آیا ہوں۔
س : آج کل فلم انڈسٹری میں کافی تجربات کئے جارہے ہیں آپ کیا سوچتے ہیں؟
ج : میں کسی ایک کردار میں بندھ کر رہنا نہیں چاہتا اور ایک ہی طرح کے کردار عوام زیادہ دن پسند نہیں کرتے۔ میں مختلف کردار کرنا چاہتا ہوں تا کہ اس سے میرا ٹیلنٹ بھی عوام کے سامنے آئے۔
س : اگر آپ کی کوئی فلم فلاپ ہو جائے تو آپ کا ردعمل کیا ہوتا ہے؟
ج : دعا کرتا ہوں کہ میری کوئی فلم فلاپ نہ ہو یہ اس لئے نہیں کہ مجھے سوپر اسٹار بننا ہے بلکہ اس لئے کہ کسی بھی فلم سے کئی لوگوں کے مستقبل جڑے ہوتے ہیں۔ کئی لوگوں کی محنت اس میں شامل ہوتی ہے ہر کسی کا خواب ہوتا ہے کہ اسے کامیابی ملے۔ رہی میری بات تو میں اس بات کی فکر نہیں کرتا کیونکہ میں ایمانداری اور پوری محنت سے اپنے کردار نبھاتا ہوں اور باقی عوام اور اپنی قسمت پر چھوڑ دیتا ہوں۔ کامیابی اور ناکامی مقدر کا کھیل ہے۔ زیادہ سوچنا بے معنی بات ہے۔
س : ساتھی اداکاراؤں میں آپ کس کے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں؟
ج : میں تو چاہتا ہوں کہ سب کے ساتھ ایک نئی فلم کروں کیونکہ یہاں سبھی قابل اداکارائیں ہیں میں کبھی کسی کے ساتھ دہرایا جانا نہیں چاہتا۔ ہر نئی اداکارہ میں کچھ بات ضرور ہے۔
س : مانا کہ آپ فلم انڈسٹری سے تعلق رکھتے ہیں لیکن کیا آپ نے کبھی سوچا تھا کہ آپ فلم اسٹار بنیں گے؟
ج : خواہش تھی سب کو دیکھتا تھا تو سوچتا تھا کہ میں بھی انڈسٹری کے لئے کچھ کروں گا۔ آپ کو میں ایک دم سچ سچ بتا رہا ہوں کہ میری زندگی میں بہت سی چیزیں اچانک ہوئی ہیں اور یہ اتفاق ہی ہوا کہ میں ہیرو بن گیا۔ ایک ہی فلم سے میں انڈسٹری میں ہٹ بھی ہوگیا اور یہاں تک پہنچ گیا۔ لوگ مجھے دیکھ رہے ہیں پسند کررہے ہیں اور میری فلمیں چل بھی رہی ہیں اور کیا چاہئے مجھے۔
ارجن کپور نے رنویر سنگھ سے اپنے اختلافات کی تردید کی
ارجن کپور اور رنویر سنگھ اس سال غنڈے اور فائینڈنگ فنی (رنویر کا اس فلم میں مہمان رول تھا) میں ایک ساتھ کام کیا تھا لیکن خبر ہے کہ ان کے درمیان جو پکی دوستی تھی اس میں کھٹاس آگئی ہے۔ پچھلے دنوں دونوں ایکٹرس کو لے کر ایک کمرشیل پلان کیا گیا تھا، اس میں تاخیر کی وجہ بھی یہی کھٹاس بتائی جارہی تھی۔ ہاں ہمارے درمیان کافی اختلاف تھا میں فائینڈنگ فنی کے سیٹ پر ان کا مرڈر کرنے والا تھا۔ مذاق کرنے کے بعد ارجن نے کہا پہلے دن لوگ لکھتے ہیں کہ ہم لڑرہے ہیں اور اگلے دن کہتے ہیں ہم ایک دوسرے کو پھول بھیج رہے ہیں۔ آخر صحیح کیا ہے اس کا خلاصہ کرتے ہوئے ارجن نے کہا ہمارے بارے میں خبر تھی کہ ہم آپسی اختلاف کی وجہ ساتھ میں کمرشیل نہیں کررہے ہیں لیکن ہماری تاریخیں مل نہیں پا رہی تھیں کیونکہ وہ دل دھڑکنے دو کی شوٹنگ کررہے تھے اور میں تیور میں مصروف تھا اس لئے پروڈیوسرس نے تاریخیں ایک ماہ آگے بڑھا دیں اور ہم نے تاخیر سے کمرشیل شوٹ کیا۔ ہمارے درمیان کچھ بھی نہیں ہے۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭