نیویارک: کچرا چننے والے 3 دوستوں کی زندگی اور خواہشات پر مبنی ایڈونچر اور کامیڈی سے بھرپور نئی کرائم ڈرامہ فلم “ٹریش” کا پہلا ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے۔ ہدایتکار اسٹیفن ڈیلڈری کی اس فلم کی کہانی برازیلی شہر رِیوکی غریب بستی میں رہائش پذیر 3 ایسے دوستوں کے گِرد گھوم رہی ہے جو کوڑا کرکٹ اٹھا کراپنا گزر بسر کرتے ہیں تاہم ان کا اصل امتحان اس وقت شروع ہوتا ہے جب انہیں کچرے کے ڈھیر سے روپوں سے بھرا بٹوہ ملتا ہے۔
مشہور برطانوی مصنف رچرڈ کرٹس کے ناول پر مبنی اس فلم کو ٹِم بیون اورایرک فیلنر نے مشترکہ طور پر پروڈیوس کیا ہے جبکہ فلم کی کاسٹ میں رونی مارا، مارٹن شین، وانر مورا اور سیلٹن میلو سمیت دیگر فنکار شامل ہیں۔ برازیلی اور برٹش سنیما کے باہمی اشتراک سے بننے والی ایڈونچر، کرائم اور ڈرامہ فلم فوکس ورلڈ انٹر ٹینمنٹ کے تحت رواں سال 9 اکتوبر کو امریکی سنیما گھروں میں نمائش کیلئے پیش کر دی جائے گی۔