نئی دہلی: ملک کی سب سے تیز رفتار چلنے والی ٹرین گتی مان ایکسپریس قومی دارالحکومت دہلی اور سیاحوں کے سب سے پسندیدہ مقام آگرہ کے درمیان آج سے چلنے لگی ۔ریلوے کے وزیر سریش پربھو نے صبح دس بجے حضرت نظام الدین ریلوے اسٹیشن کے نئے احاطے اور آگرہ اسٹیشن پر آئی آر سی ٹی سی کے ایگزیکیوٹیو لانج کے افتتاح کے ساتھ ہی گتی مان ایکسپریس کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستانی ریلوے کی تاریخ میں ایک نئے باب کا اضافہ ہوگیا۔حضرت نظام الدین ریلوے اسٹیشن پر منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر پربھو نے اعلان کیا کہ ریلوے کا مشن اسپیڈ بھی آج سے شروع ہوگیا ہے اور اب ملک کی تمام پسنجر ، میل ایکسپرس، سپر فاسٹ ، شتابدی راجدھانی، دورنتو وغیرہ گاڑیوں کی رفتار بھی بڑھائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ریلوے کے رفتار برھانے کے منصوبہ کے تحت 2020تک تمام گاڑیوں کی حقیقی اور اوسط رفتار میں اضافہ کیا جائے گا۔اس موقع پر مشرقی دہلی کے ممبر پارلیمنٹ مہیش گر ی نے مطالبہ کیا کہ حضرت نظام الدین اور آنند وہار اسٹیشن کے ارد گرد پانچ کلومیٹر کے دائرے کو اسمارٹ ایریا کے طور پر ڈیولپ کرکے اس علاقے میں آمدروفت ، جام اور غیر قانونی قبضہ کے مسئلے کو حل کیا جائے ۔ پروگرام میں جنوبی دہلی میونسپل کارپوریشن کے مے ئر سبھاش آریہ ، ریلوے بورڈ کے چے ئرمین اے کے متل اور شمالی ریلوے کے منیجنگ ڈائریکٹر اے کے پوٹھیا بھی موجود تھے ۔یہ ٹرین حضرت نظام الدین سے آگرہ کے درمیان 192کلومیٹر کی دوری 160کلومیٹر فی گھنٹہ کی زیادہ سے زیادہ رفتار سے طے کرکے ایک گھنٹہ چالیس منٹ میں آگرہ پہنچے گی۔ ٹرین میں جنرل ایل بی ایچ کوچ ہوں گے اور انجن ڈبلیو اے پی ۔5 ہوگا جس کی صلاحیت5500ہارس پاور ہے ۔جمعہ کو چھوڑ کر یہ گاڑی ہفتے میں چھ دن چلا کرے گی۔ شتابدی ایکسپریس کی طرز پر اس میں دو ایگزیکیوٹیو کلاس او راٹھ اے سی چے ئر کار ہوں گے ۔ جس کا کرایہ بالترتیب 1500روپے اور 750روپے ہوگا۔