ممبئی ۔دنیا بھر میں معروف شخصیات نئے سال کا آغاز جشن مناتے یا گھوم پھر کر کرتے ہیں مگر دبنگ خان کی تو بات ہی الگ ہے انہوں نے اس روز ایک پورے گاؤں کو رنگنے کا کام کرکے سب کو حیران کردیا۔انڈین میڈیا کے مطابق ہی تلونی نامی گاؤں کے لوگوں کو سلمان خان نے نئے سال کے موقع پر ایک حیرت انگیز تحفہ دیا اور وہاں کے تمام گھروں پر نیا رنگ اپنے ہاتھوں سے کیا۔اس کام میں سلمان کی مدد ان کی نئی فلم “بجرنگی بھائی جان” کے پورے یونٹ نے کی جنھوں نے نئے سال کا آغاز منفرد انداز سے کیا۔سلمان خان نے صرف گھروں پر ہی رنگ نہیں کیا بلکہ انہوں نے گاؤں کی خواتین کو ساڑھیاں اور بچوں کو فٹبال کی ایک گیم جیسے تحائف بھی دیئے۔اس گاؤں کے بیشتر گھر مٹی اور لکڑی سے بنے تھے جنھیں سلمان اور ان کی ٹیم نے گلابی اور نیلے رنگ میں رنگ دیا۔رپورٹ کے مطابق سلمان نے ایک پورے گھر کو خود رنگنے کا کام کیا اور اس دوران وہ دیوار سے لٹکے بھی رہے۔واضح رہے کہ دبنگ خان ان دنوں اپنی نئی فلم “بجرنگی بھائی جان” میں مصروف ہیں۔سلمان خان کی پروڈکشن کمپنی کے بینر تلے بنائی جانے والی یہ دوسری فلم ہے جس میں ان کے ساتھ کرینہ کپور جلوہ گر ہوں گی۔دونوں اس سے قبل بھی کئی فلموں میں کام کرچکے ہیں جن میں باڈی گارڈ بھی شامل ہے۔