دماتورو (نائجیریا)، 18 جون (رائٹر) نائجیریا کے شمال مشرقی شہر دماتورو میں عالمی کپ فٹ بال میچ دیکھنے جمع ہونے والے افراد کو نشانہ بنا کر کئے گئے ایک خودکش حملے میں کم از کم 13 افراد ہلاک اور 20 دیگر زخمی ہوگئے۔پولیس نے ایک ہفتہ پہلے ہی وارننگ جاری کی تھی کہ فٹبال میچ دیکھنے والے مقامات پر حملہ کا خطرہ ہے۔ریڈ کراس کے ایک افسر نے آج یہاں بتایاکہ خودکش حملہ آور کل تین پہیوں والی ایک گاڑی میں آئے اور میکسیکو اور برازیل کے مابین جاری فٹ بال میچ دیکھنے والوں پر حملہ کردیا جس میں کم از کم 13 افراد ہلاک اور 20 دیگر زخمی ہوگئے ہیں حالانکہ کچھ عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور جائے وقوع کے نزدیک بم پھینک کر بھاگ گئے تھے۔ ذرائع کے مطابق کئی پک اپ ٹرکوں میں زخمیوں کو یہاں کے جنرل ثانی اباچا اسپتال لے جایا گیا جہاں ان کا علاج چل رہا ہے۔پولیس کمشنر مارکس ڈیلاڈی نے دھماکہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ پولیس اس معاملے میں تمام ضروری اطلاعات حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔