پولیس کے مطابق ان دھماکوں میں 90 افراد زخمی ہوئے ہیں
نائجیریا کے شمال مشرقی شہر میدوگری میں پولیس کا کہنا ہے کہ اتوار کی رات کو تین دھماکوں کے نتیجے میں کم از کم 54 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
پولیس کے ترجمان نے ان دھماکوں کی ذمہ داری کالعدم شدت پسند تنظیم بوکو حرام پر عائد کی ہے۔ بوکو حرام کا قیام میدوگری ہی میں ہوا تھا۔
پولیس نے برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کو بتایا کہ ان دھماکوں میں 54 ہلاک اور 90 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ایمرجنسی سروسز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایک دھماکہ مسجد میں ہوا جبکہ دو دیگر دھماکے ان جگہوں پر ہوئے ہیں جہاں لوگ فٹ بال دیکھنے کے لیے جمع ہوتے ہیں۔
حکومت کے ترجمان ثانی عثمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ میدوگری میں ہونے والے دھماکوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ بوکو حرام مایوسی میں اس قسم کے حملے کر رہی ہے۔
شدت پسند تنظیم بوکو حرام نائجیریا کے شمال مشرقی علاقے میں شریعت قائم کرنا چاہتی ہے۔ 2009 میں بوکو حرام کے خلاف حکومت کے آپریشن کے باعث 20 لاکھ افراد کو اس علاقے سے نقل مکانی کرنی پڑی۔