نائیجیریا کے مقامی ذرائع ابلاغ نے رپورٹ دی ہے کہ اس ملک میں گذشتہ روز ہونے والی جھڑپوں میں 212 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ شین ہوا نیوز کی رپورٹ کے مطابق اس ملک کی ریاست “بورنو” کے “مایڈوگوری” کے علاقے میں فوج کے ٹھکانوں پر “بوکوحرام” گروہ کے حملے میں اس گروہ کے 207 افراد اور پانچ فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔ اس رپورٹ کے مطابق “بوکوحرام” گروہ نے یہ حملہ ایک فوجی چھاؤنی سے اپنے گروہ کے افراد کو رہا کرنے کے مقصد سے کیا تھا۔ نائیجیریا کے ایک حکام نے اعلان کیا ہے کہ “بوکوحرام” گروہ کے افراد نے فوجی لباس پہن کر اس چھاؤنی پر حملہ کیا تھا۔ اس حملے میں اس گروہ کے افراد اپنے کچھ ساتھیوں کو آزاد کروانے میں کامیاب ہوگئے لیکن اکثر کو دوبارہ گرفتار کرلیا گیاہے۔ واضح رہے کہ نائیجیریا کا صوبہ “بورنو” “بوکوحرام” گروہ کا مرکز سمجھا جاتا ہے اور اس صوبے اور دیگر کچھ علاقوں میں ایک عرصے سے ایمرجینسی نافذ ہے۔