لکھنؤ(نامہ نگار)سپلائی محکمہ کی ٹیم نے دوپہر تقریباً ایک بجے بازار کھالہ تھانہ حلقہ کے تحت پرانا حیدر گنج میں واقع ایک مکان میںچھاپہ مار کر غیر قانونی طریقے سے گیس سلنڈر کی ریفلنگ کرنے والوں کو گرفت میں لیا ہے۔ یہ اطلاع دیتے ہوئے ضلع سپلائی افسر ابھے سنگھ نے بتایا کہ کافی دنوں سے اس علاقہ میں غیر قانونی طور سے گیس ریفلنگ کرنے کی اطلاع مل رہی تھی جس کے تحت جمعہ کو ٹیم بناکر پرانا حیدر گنج میں رہنے والے دنیش کمار اوستھی عرف ماما کے مکان پر چھاپہ مارا گیا۔ چھاپے کے دوران موقع پر ۱۸گھریلو گیس سلنڈر، پانچ کلو کے سات چھوٹے سلنڈر
، دوکامرشیل سلنڈر، ایک اسپرنگ بیلنس، دو بڑے ریفلر، چھ چھوٹے ریفلر اور اوزار سمیت سیکڑوں کیپ برآمد ہوئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پکڑے گئے گھریلو سلنڈروں میں سے آٹھ ایچ پی، چار بھارت کے اور پانچ انڈین کے ہیں۔ اس کے علاوہ کامرشیل سلنڈروں میں ایک بھارت اور دوسرا انڈین کا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ موقع سے جے گیس سروس کا ہاکر بھی پکڑا گیا ہے اس کے قبضے سے ایجنسی کے واؤچر ملے ہیں۔ مسٹر سنگھ نے بتایا کہ پکڑے گئے ناجائز سلنڈروں کو چوک واقع چراغ گیس ایجنسی کے حوالے کیا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی غیر قانونی ریفلنگ میں ملوث جے گیس ایجنسی اور اس کے ہاکر سمیت دنیش اوستھی کے خلاف ۷/۳کے تحت کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ دنیش کو شاید چھاپے کی اطلاع مل گئی تھی اس لئے وہ موقع سے فرار ہو چکا تھا۔
چھاپہ مارنے گئی ٹیم میں ریجنل فوڈ افسر چوک منوج اتم، راجیو شرما، راجیو کمار، وکاس کمار، سب انسپکٹر حضرت گنج امت، ایس آئی چوک سدھیر کمار شریواستو اورراجہ جی پورم کے ریجنل فوڈ افسر رام بابو سمیت پولیس فورس موجود تھی۔