لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ چنہٹ علاقہ میں گزشتہ مارچ میں رکشہ چلانے والے راجہ رام کے قتل کا انکشاف کرتے ہوئے پولیس نے ایک دیگر رکشہ چلانے والے کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم نے راجہ رام کا قتل ناجائز تعلقات کے سلسلہ میں کیا تھا۔ پولیس نے قتل میں استعمال دھار دار ہتھیار اورمتوفی کا موبائل فون برآمد کر لیا ہے۔ سی او گوم
تی نگر ودیا ساگر مشرا نے بتایا کہ بارہ بنکی کے باشندے رکشہ چلانے والے راجہ رام (۳۲) کی لاش ۲۵؍مارچ کو ریلوے لائن پر پڑی ہوئی ملی۔ اس کا قتل دھاردار ہتھیار سے کیا گیا تھا۔ راجہ رام وبھوتی کھنڈ کے وشواس کھنڈ علاقہ میں مقیم تھا۔اس معاملہ میں پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا تھا۔ تحقیقات کے دوران پولیس کو راجہ رام کے پڑوسی رکشہ چلانے والے شیو کرن پر شک ہوا۔
پولیس نے بتایا کہ راجہ رام کی قربت شیو کرن کی بیوی سے تھی اس کے بعد پولیس نے گزشتہ شب ملہور ریلوے اسٹیشن کے قریب سے شیو کرن کو گرفتار کر لیا۔ پوچھ گچھ کے دوران ملزم نے خود کو بے قصور بتایا۔ پولیس نے شیو کرن کی نشاندہی پر قتل میں استعمال دھار دار اسلحہ اور متوفی کا موبائل فون برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ملزم نے بتایا کہ اس نے راجہ رام کو اپنی بیوی کے ساتھ فحش حرکت کرتے ہوئے دیکھا تھا اسی بناء پر اس نے راجہ رام کو قتل کر دیا۔