سیکڑوں لیٹر خام شراب برآمد، آبکاری اور پولیس ٹیم نے کی چھاپہ ماری
کانپور:پنچایت انتخاب وار کا اعلان ہوتے ہی دیہی علاقوں میں خام شراب بنانے کا کاروبار تیز ہو گیا ہے۔ اس کی مثال دو شنبہ کوایک مرتبہ پھر ودھنو علاقہ میں آبکاری اور پولیس ٹیم کے مشترکہ آپریشن کے دوران سامنے آئی۔ خاص بات یہ تھی کہ خام شراب بنانے کا کاروبار خواتین کی سرپرستی میں چلایا جا رہا ہے۔ یہی نہیں ایک ہفتہ میں ودھنو کے اسی گاوں میں دوسری مرتبہ چھاپہ ماری کی کارروائی کے تحت نصف درجن بھٹیوں سے اتاری جا رہی سیکڑوں لیٹر شراب، خام اشیاءاور آلات برآمد کئے گئے۔
ودھنو کے ہربنس پور اور پیم پور گاوں کے درمیان جنگلوں میں خام شراب بنائے جانے کی اطلاع آج آبکاری انسپکٹر روی شنکر ورما کو ملی۔ انہوں نے محکمہ جاتی اہلکاروں اور تھانہ پولیس کی مشترکہ ٹیم کے ساتھ گھنے جنگلوں میں اٹھتے دھنویں کو دیکھ کر گھیرا بندی اور چھاپہ ماری کی۔ اس دوران موقع سے نصف درجن بھٹیوں سے خام شراب اتار رہے لوگ فرار ہو گئے۔ بھاگنے والوں میں زیادہ تر خواتین دیکھی گئیں جو جنگل میں موجود گھنی جھاڑیوں کا فائدہ اٹھاکر بھاگنے میں کامیاب رہیں ۔کارروائی کے دوران بیس کنتل سے زیادہ لہن اور ۱۳۰ لیٹر خام شراب کے ساتھ نیم تیار شراب برآمد کی گئی۔ پولیس نے بھٹیوں کو توڑتے ہوئے برآمد مال کو نظر آتش کر کے برباد کروا دیا۔ شراب بنانے میں استعمال کئے جا رہے دیگر آلات کو ضبط کر لیا گیا۔ کارروائی کرنے والوں میںآبکاری محکمہ کے سنیل دوبے، انل یادو، جگرام پال اور سب انسپکٹر سنجے موریہ، اجے سنگھ سمیت تمام پولیس اہلکار موجود تھے۔