لکھنو۔(نامہ نگار) ڈالی گنج واقع پل ناجائز قبضہ اور جام کا شکار ہوگیا ہے۔ یہاں یومیہ گھنٹوں جام لگارہتاہے لیکن ذمہ دار آنکھیں موندے رہتے ہیں۔ جب کہ یہاں سے چندقدم دور پولیس بوتھ پر سپاہی تعینات رہتے ہیں۔ ٹریفک کے لحاظ سے ڈالی گنج پل خصوصی اہمیت رکھتاہے۔ دراصل اسی راستے سے میڈیکل کالج، بلرام پور اسپتال اور لمب سینٹر لوگ علاج کے لئے آتے ہیں۔ اس وجہ سے بھاری بھیڑ لگتی ہے۔ دور دراز اضلاع سے یہاں لوگ آکر جام کا شکار ہوجاتے ہیں۔ ٹراما سینٹر جانے والے مریض اسی راستے سے گذرتے ہیں۔ ڈالی گنج میں نئے پل سے ملحق قدیم پل بھی ہے۔ لیکن یہاں پر ٹریفک نہیں بلکہ پھلوں اور سبزیوں کی دکانیں گلزار رہتی ہیں۔
پل کے نزدیک پھلوں کا ٹھیلہ لگانے والے ایک دکان دار نے بتایا کہ یہاں ایمبولنس کے سائرن
بجانے کا بھی کوئی اثر نہیں دکھتاہے۔ کئی مرتبہ تو ایسے موقع آتے ہیں کہ حادثے کی سنگین مریض یہاں جام میں پھنس جاتے ہیں اس کے علاوہ صبح نوکری پیشہ کرنے والے لوگ بھی اسی راستے سے جاتے ہیں۔
یہاں حضرت گنج، امین آباد، قیصر باغ، کچہری ، بلرام پور اسپتال ، چار باغ ریلوے اسٹیشن ، چار باغ بس اسٹیشن وغیرہ علاقو ں کی جانب جانے کے لئے آس پاس کے علاقوں کے لوگوں کو اسی راستے سے گزرنا پڑتا ہے۔ اس وجہ سے ٹریفک کا دباو مزید بڑ جاتاہے ۔
وصولی میں مصروف رہتی ہے پولیس:
مقامی لوگوں کا کہناہے کہ یہاں پر ٹریفک بندوبست کو بہتر طریقے سے چلانے کی جگہ پولیس وصولی میں مست رہتی ہے۔ وصولی کا عالم یہ ہے کہ ٹریفک اور سول پولیس جام کے باوجود گاڑیوں کو جبراً کنارے کرکے وصولی کرنے میں مصروف رہتی ہے۔