نئی دہلی: کانگریس کے تجربہ کار لیڈر نارائن دت تیواری اور ان کے بیٹے روہت شیکھر نے آج یہاں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی رکنیت حاصل کرکے سیاسی مبصرین کو حیران کر دیا۔مسٹر تیواری اور ان کے بیٹے نے آج یہاں بی جے پی صدر امت شاہ کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی۔ مسٹر روہت شیکھر نے مسٹر شاہ کو گلدستہ پیش کیا جبکہ مسٹر شاہ نے تجربہ کار لیڈر مسٹر تیواری کو گلدستہ نذر کرکے بی جے پی میں ان کا استقبال کیا۔واضح رہے کہ مسٹر تیواری اترپردیش کے چار بار اور اتراکھنڈ کے ایک بار وزیر اعلی، مرکزی حکومت میں مواصلات سمیت مختلف محکموں میں کابینہ وزیر، منصوبہ بندی کمیشن کے ڈپٹی چیئرمین اور آندھرا پردیش کے گورنر رہے ہیں۔اتر پردیش اور اتراکھنڈ میں انہیں برہمن لیڈر کے طور پر جانا جاتا ہے ۔
سماجوادی پارٹی (ایس پی) کے لیڈر ملائم سنگھ یادو اور وزیر اعلی اکھلیش یادو کے ساتھ مسٹر تیواری کی نزدیکیوں کے مدنظر ان کے بی جے پی میں شامل ہونے کے فیصلے کو حیرت سے دیکھا جا رہا ہے ۔ان کی پوری زندگی کانگریس میں ہی گزری ہے ۔
دو دہائی پہلے انہوں نے کانگریس کے تمام لیڈروں کے ساتھ مل کر کانگریس تیواری کا قیام کیا تھا۔لیکن بعد میں وہ کانگریس میں واپس لوٹ آئے تھے ۔دونوں ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر بی جے پی کو مسٹر تیواری کے پارٹی میں آنے سے برہمن ووٹوں کا فائدہ ہونے کی توقع ہے ۔ مسٹر روہت شیکھر کو بی جے پی اتراکھنڈ کی کسی سیٹ سے ٹکٹ دے سکتی ہے ۔