ڈھاکہ۔ مقامی پولیس نے بنگلہ دیشی فاسٹ بولر روبیل حسین کو اداکارہ نازنین اختر ہیپی کی جانب سے دائر کردہ مقدے میں کلین چٹ دے دی، ادکارہ نے پہلے ہی ورلڈ کپ میں بنگلہ دیشی ٹیم کی عمدہ پرفارمنس پر مقدمہ واپس لینے کا اعلان کیا تھا۔پیر کو انویسٹی گیشن آ فیسر حلیمہ خاتون نے ڈھاکا کورٹ میں تفتیشی رپورٹ جمع کرادی، کیس کی سماعت 13 اپریل کو شیڈول ہے، رپورٹ میں پولیس کا کہنا ہے کہ اداکارہ کی جانب سے عائد کردہ الزامات کے حوالے سے انھیں بولر کیخلاف کوئی ثبوت نہیں ملا، واضح رہے کہ نازنین نے گذشتہ برس 13دسمبر کو میرپور پولیس اسٹیشن میں روبیل
پر شادی کرنے کے جھوٹے وعدے کرنے پر مقدمہ دائر کیا تھا۔جس کے دو دن بعد انھیں چار ہفتوں کی ضمانت مل گئی تھی، لیکن اس کیس میں 8 جنوری کو انھیں جیل بھیج دیاگیا تھا، جس کے بعد عدالت نے 11 جنوری کو دوسری بار ان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی دی تھی، جس پر وہ ورلڈ کپ کیلئے آ سٹریلیا کا سفر کرپائے تھے، تاہم میگا ایونٹ میں انگلینڈ کیخلاف بنگال ٹائیگرز کی فتح پر نازنین نے مقدمہ واپس لینے کا اعلان کردیا تھا۔وہیں دوسری جانب بنگلہ دیش کے ڈپٹی ہائی کمشنر نور ہلال سیف الرحمان نے کہا ہے کہ وقت آ نے پر بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔ انھوں نے یہ بات حیدر آ باد چیمبر کے استقبالیے میں جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہی کہ وقت آ نے پر بنگلا دیش کی کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔ ڈپٹی ہائی کمشنر بنگلہ دیش دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈ مل کر مسائل حل کرلیں گے، جب وقت آ ئے گا تو بنگلہ دیش اپنی ٹیم یقیناً پاکستان بھیجے گا۔