میرٹھ (بھاشا)ضلع کے تھانہ کٹھور علاقہ میں تھانہ سے محض سو گز کے فاصلے پر کار میں سوار لوگوں نے تین تاجروں پر گولیاں چلادیں اس واردات میں ایک تاجر کی اسپتال لے جاتے ہوئے راستہ میں ہی موت ہوگئی جبکہ دوسرے تاجر کو شدید طور سے زخمی حالت میں اسپتال میں داخل کرایاگیا ہے جبکہ تیسرا تاجر کسی طرح گولی لگنے سے بچ گیا۔ اس واقعہ سے مشتعل علاقہ کے لوگوں نے گڑھ روڈ کو جام کردیااور وہاں سے گذرنے والی گاڑیوں پر پتھراؤ کیا جس میں نصف درجن گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ موقع پر پہنچ کر پولیس نے لوگوں کو سمجھا کر جام کھلوایا ۔ ایس ایس پی نے اس واقعہ میں علاقہ کے تھانہ انچارج کو لائن حاضر کردیاہے۔علاقہ میں کشیدگی کے پیش نظر اضافی پولیس عملہ کو تعینات کردیا گیاہے۔ آئئی جی آلوک شرما نے بتایا کہ حملہ کرنے والوں نے گاؤں کے لوگوں سے مذکورہ تاجروں کا پتہ معلوم کیا تھا۔ لیکن ان کانام نہیں پوچھا تھا۔ مسٹر شرمانے بتایا کہ واردات میں شامل حملہ آروں کی شناخت کرنے کے بعد انہیں گرفتار کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور اس کے لئے کئی ٹیمیں تشکیل کردی گئی ہیں۔