لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ملیح آباد کے باشندے ڈرائیور کی لاش بدھ کوایک باغ میں لٹکتی ہوئی ملی۔ پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ڈرائیور نے پھانسی لگاکر خود کشی کی ہے۔ اہل خانہ نے کسی پر الزام عائد نہیں کیا ہے۔
خبر کے مطابق ملیح آباد کے سسپن گاؤں کے باشندے رام اوتار کا بیٹا سرویش پال (۲۶) دہلی میں ڈرائیور تھا۔ بدھ کی دوپہر سرویش کی لاش گہدو گاؤں کے باشندے سندر لال کے باغ میں درخت سے رسی کے سہارے لٹکی ہوئی ملی۔ مقامی لوگوں نے لاش کی اطلاع پولیس کو دی۔ موقع پرپہنچ
کر پولیس نے سرویش کے پاس سے برآمد ڈرائیونگ لائسنس کی مدد سے اس کی شناخت کی اور گھر والوں کو اطلاع دی۔ موقع پر پہنچ کر اہل خانہ نے لاش کی شناخت سرویش کے طور پر کی۔
تفتیش کے بعد پولیس نے سرویش کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ پولیس کا خیال ہے کہ سرویش نے پھانسی لگاکر خود کشی کی ہے۔ اس نے ایسا کیوں کیا اس کی وجہ ابھی معلوم نہیں ہوسکی ہے۔ انسپکٹر ملیح آباد نے بتایاکہ سرویش نے خودکشی کرنے سے قبل رحیم آباد سے رسی خریدی تھی۔ انہوںنے بتایا کہ سرویش بدھ کو دہلی سے اپنے گاؤں پہنچا تھا اور راستے میں ہی اس نے خود کشی کر لی۔ بتایا جا رہاہے کہ سرویش کا دہلی میں ایک لڑکی سے معاشقہ تھا۔ کچھ دن قبل لڑکی نے اس سے ملنا اور گفتگو کرنا بند کر دیا تھا۔