لکھنؤ (نامہ نگار)گوسائیں گنج علاقے میں ریٹائرڈ ریلوے ملازم گذشتہ رات کھانا کھا کر باہر ٹہل رہا تھا تبھی نامعلوم گاڑی نے ٹکر ماردی جس سے وہ سخت زخمی ہوگیا ۔کنبے والوں نے اسے اسپتال میں بھرتی کرایا جہاں علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی۔ گوسائیں گنج کے کرورا گاؤ ں کے رہنے والے ریٹائرڈ ریلوے ملازم ۷۰سالہ رمیش چندر منگل کی رات کھانا کھانے کے بعد گھر سے باہر ٹہلنے کیلئے نکلا تھا ان کے ساتھ ان کے کنبہ کے لوگ بھی تھے۔ لیکن وہ ٹہلتے ہوئے ہائی وے پر چلے گئے تھے،سڑک پر پیدل چلتے وقت پیچھے سے تیز رفتار نامعلوم گاڑی نے ٹکر ماردی۔ ٹکر لگنے سے رمیش دور جا گرے اور سخت زخمی ہوگئے۔ ان کی آواز سن کر اہل کنبہ وہاں پہنچے اور انہیں خون میں
لت پت دیکھا آناً فاناً انہیں اسپتال پہنچایا گیا جہاں علاج کے دوران ان کی موت ہوگئی۔ ان کے کنبہ میں زوجہ شوبھا اور دوبچے ہیں۔