لکھنؤ۔(نامہ نگار)نان گزٹیڈ پولیس ویلفئر ایسو سی ایشن نے آج لکشمن میلہ میدان میں اپنے نو نکاتی مطالبات کے سلسلے میں دھرنا ومظاہرہ کیا۔ مطالبات پورانہ ہونے پر کل ایسوسی ایشن کے لوگوں نے اینکسی کے سامنے خودسوزی کرنے کی بات بھی کہی ہے۔
نان گزٹیڈ پولیس ویلفیئر ایسوسی ایشن کے قومی صدر برجیندر سنگھ یادو نے بتایا کہ پیر کو ایسوسی ایشن کے لوگوں نے اپنے ۹نکاتی مطالبات کے سلسلے میں لکشمن میلہ میدان پر مظاہرہ کیا۔نو نکاتی مطالبات میں پولیس اور پی اے سی کے جوانوں کے تبادلے میں نافذ سرحدی اسکیم کو ختم کرنے، پولیس اور پی اے سی جوانوں کی تنخواہ میں عدم مساوات دور کرنے ، پولیس اور پی اے سی میں انسپکٹر کے عہدے کو گزٹیڈ افسر کا درجہ دینے اور پولیس چارٹر نافذ کرنے کا مطالبہ شامل ہے۔ ایسوسی ایشن کا کہناہے کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہیں کئے گئے تو وہ کل اینکسی
کے سامنے مظاہرہ کرکے خود سوزی کریں گے۔