لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ ناکہ واقع بھگوتی کمیونکیشن میں چوری کرنے والے دو ملزمین کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے ملزمین کے پاس سے ہزاروں کی نقدی برآمد کی ہے۔ وہیں دوسری جانب گڑمبا میں بھی شادی تقریب میں لوگوں کی جیب کاٹنے والے کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
امین آباد کے گنیش گنج کے رہنے والے رابن اگروال نے بتایا کہ ان کی امین آباد روڈ پر بھگوتی کمیونکیشن کے نام سے دکان ہے جہاں گزشتہ بارہ جنوری کو چوروں نے تالا توڑ کر چوری کر لی تھی۔ رابن نے چوری کا مقدمہ ناکہ تھانہ میں لکھوا دیاتھا۔ پولیس نے
سنیچر کی شب بہار سیوان کے رہنے والے چاند بابو اور عالم باغ کے سرداری کھیڑا کے رہنے والے رئیس کو گرفتار کر لیا ہے۔ ناکہ پولیس کا دعویٰ ہے کہ رابن کی دکان میں چوری کی واردات کو انہیں دونوں نے مل کر انجام دیا تھا۔
دوسری جانب جانکی پورم کے سکندر پور کے رہنے والے اندر سومیش یادو نے بتایا کہ وہ سنیچر کی شام اپنے شناسا کے یہاں شادی تقریب میں کمیونٹی سینٹر سیکٹر ایچ جانکی پورم گیا تھا۔ وہاں ناشتہ کرتے وقت اس کی جیب سے کسی نے پرس نکالنے کی کوشش کی۔ پرس نکلنے کا احساس ہوتے ہی انہوں نے اسے پکڑ لیا۔ پوچھ گچھ کرنے پر پتہ چلا کہ شادی میں اس نے ایک اور شخص کی جیب کاٹی ہے۔ ملزم نے اپنا نام اجیت سنگھ سینگربتایا۔ لوگوںنے اسے پولیس کے حوالے کردیا۔