لکھنؤ(نامہ نگار)ناکہ غلہ منڈی واقع ایک گودام میں بدھ کو اچانک آگ لگ گئی۔ جس سے گودام میں رکھا ساراسامان جل کر راکھ ہو گیا۔ ناکہ کے فتح گنج غلہ منڈی میں رہنے والے رام پرکاش جیسوال کی پلاسٹک اور جوٹ کی بوری کی دکان ہے۔ دکان کے نیچے وہ گودام بنائے ہوئے ہیں۔ بدھ کی شام رام پرکاش دکان کے باہر بیٹھا تھا تبھی اچانک اندر شارٹ سرکٹ ہو گیا۔ شارٹ سرکٹ سے نکلی چنگاری وہاں رکھی پلاسٹک پر گری جس سے آگ لگ گئی اورکچھ ہی لمحوں میں آگ نے گودام کو بھی اپنی گرفت میں لے لیا۔ پورا گودام آگ کے شعلوں میں تبدیل ہو گیا۔ آس پاس موجود دکانداروں نے پانی ڈالنا شروع کیااور فائر بریگیڈ کو اطلاع دی۔ راستہ تنگ ہونے کی وجہ سے فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو موقع پر پہنچنے میں وقت لگ گیا۔ موقع پر پہنچی فائر بریگیڈ کی چھ گاڑیوں نے جب تک آگ پر قابو پایا اس وقت تک گودام پوری طرح سے جل چکا تھا۔ آگ اتنی زبردست تھی کہ دکان کا باہری حصہ منہدم ہو گیا۔ رام پرکاش نے بتایا کہ دکان اور گودام میں رکھا لاکھوںکا سامان جل کر راکھ ہو گیا۔