لکھنؤ۔(نامہ نگار)ناکہ علاقے میں رہنے والے اکھل بھارت ہندو مہا سبھا کے ریاستی میڈیا انچارج درگا شنکر کے گھر میں داخل ہوکر گذشتہ ۱۵جولائی کو چند شہ زوروںنے مارپیٹ کی۔ اطلاع پاکر موقع پر پہنچی پولیس نے ان کے دو بیٹوںسمیت دبنگوں کو نقض امن کے الزام میں گرفتار کیا۔ درگا شنکر کا کہنا ہے کہ کچھ لوگ ان کے مکان پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں اور پولیس بھی ان کی مدد کررہی ہے۔اسی کو لے کر آج اکھل بھارت ہندو مہاسبھا کے لوگوں نے ایس ایس پی رہائش گاہ کے باہر مظاہرہ کیا۔ اکھل بھارت ہندو مہا سبھا کے ریاستی میڈیا انچارج درگا شنکر کا کہنا ہے کہ ناکہ کے گنیش گنج علاقے میں ایک ٹرسٹ کے مکان میں رہتے ہیں۔ انہوں نے مکان کی مرمت کرانے کیلئے عدالت سے حکم لیا تھا۔ عدالت کے حکم کی ایک کاپی بھی انہوں نے ناکہ پولیس کو دے دی تھی۔ گذشتہ ۱۵جولائی کی شب کچھ شہ زور ان کے گھرمیں داخل ہوئے اور مار پیٹ اورہنگامہ کیا۔ انہوں نے اس بات کی اطلاع ناکہ پولیس کو دی تو موقع پرپہنچی پولیس نے شہ زوروں کے ساتھ ہی ان کے دو بیٹوں کو پکڑ لیا اور سبھی کو نقض امن کے معاملے میں گرفتار کرلیا ۔ درگا شنکر کا کہنا ہے کہ
شہ زور ان کے مکان پر قبضہ کرنا چاہ رہے ہیں اور ناکہ کوتوال و ایک خاتون داروغہ ان لوگوں کی مدد کررہے ہیں۔ ناکہ پولیس کی کارروائی سے ناراض اکھل بھارت ہندو مہا سبھا کے لوگوں نے آج دوپہر ایس ایس پی رہائش گاہ کے باہر پولیس کے خلاف نعرے بازی اور مظاہرہ کیا۔ مظاہرہ کو دیکھ کر ایس ایس پی نے ان لوگوں سے ملاقات کی اور ان کی عرضداشت لیتے ہوئے جلد ہی اس معاملے میں کارروائی کی ہدایت بھی دی ہے۔