لکھنؤ۔ : دیوالی کے موقع پر بڑے پیمانے پر کھوئے میں ملاوٹ عام بات ہے۔ اس کی اطلاع محکمہ غذائی تحفظ کے ساتھ ضلع کے اعلی افسران کو بھی ہوتی ہے۔ یہ اور بات ہے کہ ایک دو جگہ چھاپہ ماری کر کے انتظامیہ اپنے فرائض سے سبکدوش ہو جاتی ہے۔ جمعرات کو ضلع غذائی تحفظ کی ٹیم نے ناکہ کھویامنڈی میں چھاپہ ماری کی جس سے وہاں ملاوٹ کرنے والے دکانداروں میں بھگدڑ مچ گئی۔ منڈی میں بھگدڑ کے بعد ۲۵۰ کلو سے زیادہ کھویا اور ۷۰ کلو سے زیادہ حلوا سوہن کا کوئی مالک نہیں ملاجس کو ضلع انتظامیہ نے تباہ کر دیا۔ چھاپہ کے دوران چار نمونے بھی بھرے گئے۔ یہ اطلاع غذائی تحفظ افسر جے پی سنگھ نے دی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ سعادت گنج میں بابا ٹریڈرس کی دکان پر چھاپہ مار کر شیام گھی اور کھلے بیسن کا نمونہ لیا گیاہے۔