علی گڑھ(نامہ نگار) علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی امریکہ میں مقیم سابق طالبہ اور پروفیسر ماجد صدیقی اور ڈاکٹر جمیلہ ماجد کی بیٹی ڈاکٹر افشاں ناہیدہاشمی نے ۲۲کیرٹ گولڈ کا ایک بیش قیمتی ہار اپنی مادر علمی علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کو عطیہ کیا ہے۔ اس ہار میں بیش قیمتی موتی جڑے ہیں اور اس کے ساتھ کانوں کے جھمکے اور ایک انگوٹھی شامل ہے۔اس کے بارے میں بتاتے ہوئے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے وائس چانسلر لیفٹیننٹ جنرل ضمیر الدین شاہ نے کہا کہ ’’ہم نے شکریہ کے ساتھ اس تحفہ کو قبول کر لیا ہے اوار اس ہار کو نیلام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مجھے یاد ہے کہ گزشتہ الیومنائی میٹ کے دوران بھی ایک سابق طالبہ نے اپنے سونے کے کنگن یونیورسٹی کو عطیہ کئے تھے جن کو نیلام کرکے یونیورسٹی کو ساڑے سات لاکھ روپئے حاصل ہوئے۔ ان کنگنوں کی آخری بولی لگانے والے یونیورسٹی کے بہی خواہ نے بعد میں یہ کنگن یونیورسٹی کو واپس عطیہ کر دئے جنہیں یونیورسٹی میوزیم میں رکھا جا رہا ہے۔
‘‘جنرل شاہ نے کہا کہ جو شخص اس ہار کو نیلامی کے ذریعہ خریدنے کا خواہش مند ہووہ یونیورسٹی ویب سائٹ www.amu.ac.in پر بولی لگا سکتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ یونیورسٹی نے اس ہار کی کم از کم قیمت پانچ لاکھ روپئے متعین کی ہے۔ یہ ہار سب سے اونچی بولی لگانے والے کو ہی فروخت کیا جائے گا۔ اس طرح حاصل رقم کو اے ایم یو الیومنائی فنڈ میں جمع کرا دیا جائے گا۔
ڈاکٹر افشان ناہید ہاشمی کی شادی بدایوں کے سید آل مصطفیٰ ہاشمی کے ساتھ ۲۴؍اپریل۱۹۹۱ کو ہوئی تھی اور یہ بیش قیمت طلائی ہار انہیں سسرال سے ملا تھا۔ اب دونوں امریکہ میں رہتے ہیں اور انہوں نے اس ہار کو یونیورسٹی کو عطیہ کر دیا ہے۔