لکھنؤ(نامہ نگار)دنیا میں اقلیتی طبقہ کو متحد ہو کر اپنے ساتھ ہو رہی نا انصافی کے خلاف آواز بلند کرنا چاہئے۔ تبدیلی مذہب کے نام پر ہو رہی سیاست میں دیگر اقلیتیں بھی ہمارے بعد خود کو محفوظ نہ سمجھیں۔ اپنے مذہب کے انتخاب کا حق ہمیں آئین نے دیا ہے اور جب تک ملک میں آئینی نظام قائم رہے گا کوئی ہمیں اس سے محروم نہیں کر سکتا۔ یہ بات ریاست کے اقلیتی بہبود وزیر محمد اعظم خاں نے کہی۔ وہ آج یوم اقلیتی حقوق کے موقع پر وشویشوریا آڈیٹوریم میں منعقد پروگرام کو خطاب کر رہے تھے۔
اترپردیش کے وزیر شہری ترقیات اور اقلیتی بہبود محمد اعظم خاں نے کہ
ا کہ سبھی اقلیت ہندوستان کے آئین کے دیئے گئے اختیارات کو پہچانیں اور اس کا بھر پور فائدہ اٹھائیں۔ ملک اور ریاست میں رہنے والوں کی طرح وہ بھی ترقی کی اصل دھارا میں جڑیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اترپردیش اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے پُر عزم ہے۔ سبھی اقلیت مل جل کر اپنے حقوق کو حاصل کریں اور اس کا مناسب استعمال کرتے ہوئے حتیٰ الامکان کوشش کریں کہ مساوات اور یکجہتی کے نظریہ سے آگے بڑھنے کی کوشش کریں۔
ریاستی وزیر مملکت چترنجن سوروپ نے اقلیتی کمیشن کو ایس سی /ایس ٹی کمیشن کی طرز پر اختیارات فراہم کئے جانے اور اقلیتوں کیلئے چلائی جار ہی اسکیموں کی نشر واشاعت پر خصوصی زور دیا۔پروگرام کی نظامت اقلیتی کمیشن کے رکن اور ترجمان شفیع اعظمی نے کی۔
اس موقع پر اقلیتی کمیشن کے چیئر مین شکیل احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ کمیشن ریاست کی اقلیتوں کے مفادات کی ہر ممکن کوشش میں مصروف ہے۔ انہوں نے کابینی وزیر اعظم خاں اور وزیر مملکت چترنجن سوروپ اور سکریٹری اقلیتی بہبود ایس پی سنگھ کو یادگاری نشان اور شال کا تحفہ پیش کیا۔ امام عید گاہ مولانا خالد رشید فرنگی محلی نے پروگرام میں خطاب کے دوران مطالبہ کیا کہ اقلیتی کمیشن کو زیادہ سے زیادہ اختیارات دیئے جائیں۔ انہوں نے سپریم کورٹ کے اردو کے سلسلہ میں دی گئی ہدایات کو نافذ کرانے، سرکاری اسکولوں میں درجہ آٹھ تک اردو کو لازمی مضمون کے طورپر پڑھائے جانے، کالجوں میں اردو شعبہ کی تشکیل کے علاوہ جبراً تبدیلی مذہب مہم کے خلاف سخت قانون اور حکمت عملی وضع کرنے کا مطالبہ کیا۔
اس موقع پریو پی سنی وقف بورڈ کے چیئر مین زفر احمد فاروقی، شیعہ سینٹرل وقف بورڈ کے چیئر میں وسیم رضوی، سکریٹری اقلیتی بہبود اور وقف ایس پی سنگھ، ڈائرکٹر اقلیتی بہبودفیض الرحمن،انفارمیشن کمشنر حیدر عباس ، اقلیتی کمیشن کی رکن نیلم رومیلا سنگھ، مفتی ذوالفقار علی، سہیل ایوب زنجانی، ربا سنگھ، چودھری رفاقت حسین، محمد عاصم راجہ، نفیس الحسن ایڈوکیٹ نیز اقلیتی طبقہ کے معزز افراد موجود تھے۔ یوم اقلیتی حقوق میں آئے لوگوں کو اقلیتوں کے آئینی حقوق اور ان کیلئے چلائی جا رہی فلاحی اسکیموں کے بارے میں تفصیل سے معلومات فراہم کی گئی نیز اس سے متعلق مجلہ بھی مہیا کرایا گیا۔