مظفر نگر (بھاشا) سہارنپور ضلع سے متصل کوتوالی دیہی علاقہ میں چار پولیس اہلکاروں کے خلاف ۱۵سال کی نابالغ لڑکی کے ساتھ اجتماعی آبروریزی کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔لڑکی کو کل گنگوہ علاقہ سے چاروں افراد نے اغوا کرلیا تھا اور جنگل میں لے جاکر چاروں نے اس کی آبروریزی کی۔ ڈی آئی جی نے صحافیوں کو بتایا کہ تین پولیس اہلکاروں سبھاش ،وویک اور ذیشان کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ چوتھا ملزم ندیم فرار ہے۔پولیس اہلکاروں کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ ایک دیگر واقعہ میں ضلع کے ٹٹیرا گاؤں میں کل شام دونوجوانوں نے اسلحہ دکھا کر ۱۶سالہ لڑکی کی آبروریزی کی۔پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ علی نواز اور خوش نصیب کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ ککرولی پولیس تھانہ میں درج رپورٹ کے مطابق متاثرہ جب اپنے گھر میں تنہا تھی اسی دوران ملزمین اس کے گھر میں گھس آئے اور اس کی آبروریزی کی۔ ملزمین کی سرگرمی سے تلاش کی جارہی ہے۔