پٹنہ: بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے پریورتن ریلی کے دوران وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے ان کے ڈی این اے کے سلسلے میں کئے گئے تبصرہ کو بہار کے باشندوں کی توہین قرار دیتے ہوئے اسے واپس لینے درخواست کی ہے ۔
وزیر اعلی مسٹر کمار نے وزیراعظم کو ارسال کردہ خط کی کاپی ‘فیس بُک’ پر جاری کرتے ہوئے لکھا ہے کہ کچھ دنوں قبل مظفرپور میں منعقدہ ایک عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے آپ نے میرے ڈی این اے پر جو تبصرہ کیا، اس سے مجھے اور سماج کے ایک بڑے طبقے کو گہری چوٹ پہنچی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان الفاظ سے نہ صرف بہار بلکہ بہار کے باہر رہنے والے لوگ بھی توہین محسوس کر رہے ہیں۔ آپ کا تبصرہ آپ کے عہدہ کے وقار کے مطابق نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان پر ایسا تبصرہ پہلی بار نہیں کیا گیا ہے ، پہلے بھی بی جے پی لیڈر اور موجودہ مرکزی وزیر نتن گڈکری نے ‘بہار کے ڈی این اے میں ذات پات’ کہہ کر بہار کے باشندوں کی توہین کی تھی۔خط میں مسٹر کمار نے لکھا ‘یہ عجیب بات ہے کہ گزشتہ سال کے لوک سبھا انتخاب میں بہار کے باشندوں نے آپ کے اوپر اعتماد کرتے ہوئے آپ کی قیادت میں اکثریت کے ساتھ حکومت بنانے میں اہم تعاون دیا تھا۔ یہ وہی ریاست ہے جہاں انسانی تہذیب کو فروغ حاصل ہوا۔ اس سرزمین نے تاریخ کی عظیم ہستیوں کو پیدا کیا۔ اس طرح کے بیان سے عوام کے من میں آپ کیلئے اعتماد میں کمی آئی ہے ’۔