پٹنہ:بہار میں نئی حکومت کے قیام کے لئے عوامی تائید ملنے کے بعد نتیش کابینہ کی آج ہوئی میٹنگ میں 15 ویں اسمبلی کو تحلیل کرنے کی سفارش کردی گئی۔
وزیراعلی نتیش کمار کی صدارت میں یہاں ہوئی کابینہ کی میٹنگ میں گورنر سے 15 ویں اسمبلی کو تحلیل کرنے کی سفارش سے متعلق تجویز کو منظوری دی گئی۔
کابینہ کے اس فیصلہ کے بعد 16 ویں اسمبلی اور نئی حکومت کے قیام کا عمل بھی آج سے شروع ہوگیا۔
مسٹر کمار نے بعد میں بتایا کہ انہوں نے گورنر رام ناتھ کو وفدسے ملاقات کرکے اپنی کابینہ کا استعفی انہیں سونپ دیا ہے ۔ گورنرنے مسٹرکمار کو نئی حکومت کی تشکیل تک وزیراعلی کے طور پر کام کرتے رہنے کی ہدایت دی۔
دریں اثنائآج جنتادل یونائٹیڈ قانون ساز پارٹی کی میٹنگ ہوگی جس میں قانون سازپارٹی کے رہنما کا انتخاب ہوگا۔ آج ہی جنتادل (یو) ، راشٹریہ جنتادل اور کانگریس کی بھی میٹنگ ہوگی جس میں مسٹرکمار کومہاگٹھ بندھن کا لیڈر منتخب کرنے کی رسم پوری کی جائے گی۔اس کے بعد مسٹرکمار راج بھون جاکرگورنر کے پاس جاکر حکومت بنانے کا دعوی پیش کریں گے ۔
خیال رہے کہ سولہویں اسمبلی کے لئے الیکشن میں مہاگٹھ بندھن کو دوتہائی سے بھی زیادہ سیٹیں حاصل ہوئی ہیں۔