پٹنہ:بہار کے سابق وزیر اعلی جیتن رام مانجھی نے وزیراعلی نتیش کمار پر سخت حملہ کرتے ہوئے آج کہا کہ موجودہ وزیر اعلی عہدہ کے بھوکے ہیں ۔اسی لئے ایک سازش کرکے انہیں ان کے عہدہ سے ہٹا دیا۔مسٹر مانجھی نے یہاں کہا کہ ‘ان کے وزیراعلی بننے کے کچھ عرصہ بعد سے ہی نتیش کمار بغیر پانی کے مچھلی کی طرح چھٹپٹانے لگے تھے اور انہیں عہدہ سے ہٹانے کیلئے سازش رچنے لگے ۔ سازش کے تحت ہی نتیش کمار نے مجھے وزیر اعلی کے عہدہ سے ہٹا دیا’۔ انہوں نے الزام لگایا کہ نتیش کمار بھلے ہی عوام کی خدمت کرنے کی بات کرتے ہوں لیکن حقیقتا وہ کرسی کے بھوکے ہیں۔سابق وزیر اعلی نے کہا کہ بطور وزیر اعلی ہم نے جو بھی فیصلہ کیاتھا اسے پہلے نتیش کمار نے اپنے فائدہ کیلئے پہلے تو رد کردیا لیکن اب انہیں فیصلوں کو پھر سے نافذ کر رہے ہیں۔ چاہے بات سپاہی کو 13 ماہ کی تنخواہ دینے کی ہو یا پھر کانٹریکٹ پر بحال ٹیچروں کو تنخواہ دینے اور مستقل کرنے کی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے عوام سب دیکھ رہے ہیں اور وہ موجودہ وزیر اعلی کو ضرورسبق سکھائیں گے ۔