پٹنہ۔ 19 مئی (یو این آئی) بہار میں جنتادل (یو) کے ریاستی ترجمان اور قانون ساز کونسل( ایم ایل سی) کے رکن سنجے سنگھ نے آج کہاکہ لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کی شکست کی اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اعلی قیادت کو بھی استعفی دے دینا چاہئے۔مسٹر سنگھ نے یہاں کہا کہ بہار میں پارٹی کی شکست کی اخلاقی ذمہ داری صرف وزیراعلی نتیش کمار کو ہی نہیں بلکہ مرکزی قیادت سے لیکر ریاستی قیادت تک سب کو قبول کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی کے قومی اور ریاستی عہدیداران کو بھی استعفی دے دینا چاہئے۔یاد رہے کہ بہار میں لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کی زبردست شکست کے بعد قومی صدر اور وزیراعلی نتیش کمار کے حامی دو گروپ میں تقسیم ہوگئے ہیں۔ ایک گروپ مسٹر کمار کے استعفی کو ٹھیک قرار دیتے ہوئے نیا لیڈر منتخب کئے جانے کے حق میں ہے جبکہ مسٹر کمار کے حامی انہیں پھر سے وزیراعلی بنائے جانے کیمطالبے پر بضد ہیں۔