لکھنؤ(نامہ نگار)وکاس نگر علاقہ میں گذشتہ دو فروری کو ایک نجی کمپنی ملازم جنید کے قتل معاملہ میں پولیس نے آج دو نامزد نوجوانوں کو گرفتار کیا ہے۔ پکڑا گیا ایک ملزم نابالغ ہے اور اس کو اطفال ہوم بھیج دیا گیا ہے۔ پولیس نے واردات میں استعمال کرکٹ بیٹ بھی برآمد کر لیا ہے۔ وہیں نامزد اصل ملزم نے عدالت میں آج خودسپردگی بھی کر دی۔
ایس او وکاس نگر اشوک یادو نے بتایا کہ وکاس نگر کے رہنے والے پرائیویٹ کمپنی ملازم اور اس کے دوست نور الحسن کی ۳۱جنوری کی رات کچھ لوگوں نے کرکٹ بیٹ سے زبردست پٹائی کی تھی۔ دونوں زخمیوںکو ٹراما سینٹر میں داخل کرایا گیا تھا جہاںدوران علاج جنید کی موت ہو گئی۔ اس معاملہ میں اس کے بھائی جاوید نے دانش، دیپک، اعجاز، ابھیشیک اور ابھے گوڑ سمیت دیگر افراد کے خلاف نامزد رپورٹ درج کرائی تھی۔ وکاس نگر پولیس نے آج اس معاملہ میں ایک نابالغ کو اور نامزد ابھیشیک تھاپا کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ان کے قبضے سے واردات میں استعمال بیٹ بھی برآمد کر لی۔ پولیس نے نابالغ ملزم کو اطفال اصلاح گھر بھیج دیا۔ وہیں واردات کے اصل ملزم دانش نے بھی آج عدالت میں خودسپردگی کر دی۔ پوچھ گچھ میں ملزمان نے بتایا کہ متوفی جنید کے دوست نورالحسن کی درجہ ۱۰ کی ایک طالبہ سے دوستی تھی۔ ۳۱جنوری کو وہ لوگ سائیں مندر کے نزدیک بات کررہے تھے کہ اسی درمیان ملزم دانش اوراس کے ساتھی وہاں پہنچے اور ان لوگوں نے نورالحسن اور جنیدکو لڑکی سے دور ہنے کی بات کہتے ہوئے دھمکایا۔ اسی شام دونوں دوست جنید اورنورُل ماما چوراہے کی طرف جا رہے تھے جہاں پہلے سے بیٹھے ملزمان نے پاینیئر اسکول کے نزدیک دونوں پر
کرکٹ بیٹ سے حملہ کر کے شدید طور سے زخمی کر دیا تھا۔