لکھنؤ: امس بھری گرمی سے نجات پانے کیلئے ٹھاکر گنج کا رہنے والاایک بچہ اپنے ساتھی کے ساتھ گومتی ندی میں نہانے پہنچا۔ اچانک وہ گہرے پانی میں چلاگیا اور اسکی ڈوب کرموت ہوگئی اس کے ساتھ موجود ساتھی نے بچے کو بچانے کی بھرپور کوشش کی لیکن وہ ناکام رہا۔ ٹھاکر گنج کشور گنج کا کباڑی کاروباری علیم کا دس سالہ بیٹااویس اتوار کی دوپہر محلہ میں رہنے والے اپنے ساتھی سہیل کے ساتھ پیپے والے پل گومتی ندی میں نہانے کیلئے گیا تھا ۔ بتایا جاتا ہے کہ ندی میں نہاتے وقت اویس گہرے پانی میں چلاگیا اور ڈوبنے لگا ۔ اویس کو ڈوبتا ہوادیکھ کر سہیل نے اس کو بچانے کی کوشش کی۔ لیکن ناکام رہا اس پر سہیل نے شور مچادیا ۔ شور سن کر آس پاس کے لوگ مدد کیلئے پہنچے لیکن تب تک اویس گہرے پانی میں ڈوب چکا تھا۔ خبر پاکر موقع پر ٹھاکر گنج پولیس اور اویس کے گھر والے بھی پہنچ گئے۔ پولیس نے غوطہ خوروں کی مدد سے اویس کی لاش کو ندی سے باہر نکالا اور چھان بین کے بعد اس کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ اویس کے کنبہ میں ماں نسرین اور چھوٹا بھائی کیف ہے۔ اویس ایک پرائیویٹ اسکول میں چوتھی جماعت کا طالب علم تھا۔