جو نرسیں فضائی میزبان کی یونیفارم پہنتی ہیں انھیں دوسری نرسوں کی نسبت زیادہ معاوضہ ملتا ہے
چین کے صوبے جیانگسو میں ہسپتال انتظامیہ نے نرسوں سے کہا ہے کہ وہ فضائی میزبان کے لباس میں کام کریں۔
چینی طب کے لیانشوئی ہووین ہسپتال میں ایک فضائی میزبان نے 12 نرسوں کو ایک مہینے تک تربیت دی اور وہ اب یونیفارم پہن کر مریضوں کا علاج کر رہی ہیں۔
ہسپتال کے ایک ترجمان کا کہنا تھا کہ ان نرسوں کی سکرٹ لمبی ہوتی ہیں جس کی ’وجہ سب جانتے ہیں۔‘ جو نرسیں فضائی میزبان کی یونیفارم پہنتی ہیں انھیں دوسری نرسوں کی نسبت زیادہ معاوضہ ملتا ہے مگر انھیں زیادہ کام بھی کرنا پڑتا ہے۔
کچھ نرسوں کا خیال ہے کہ اس نئی یونیفارم نے ان کی زندگی بدل دی ہے۔ جاؤ ینان کا کہنا ہے کہ وہ اب دو گھنٹے پہلے سوتی ہیں تاکہ جاگنے کے بعد اٹھ کر اچھی لگیں۔ ایک اور نرس کا کہنا تھا کہ وہ چکنائی سے بھرے کھانے کھانے سے گریز کرتی ہیں کیونکہ وہ اپنے فِگر کا خیال رکھنا چاہتی ہیں۔
مگر وانٹ چائنا ٹائمز کے مطابق مریضوں کا رد عمل کچھ ملا جلا رہا ہے۔ کچھ کے خیال میں تو یہ یونیفارم ماحول میں رونق کا سبب ہیں جبکہ کچھ کے خیال میں ان سے نرسوں کو اپنی توجہ مریضوں پر مرکوز رکھنے میں دقت پیش آتی ہے۔