فیض آباد۔(نامہ نگار)۔ اقلیتوں کے مفاد میں کانگریس نے ہمیشہ کام کیا ہے۔ ملک کے بھائی چارہ کو ختم کرنے والوں کو جواب دینے کا وقت آگیا ہے۔ بی جے پی او رمودی کو روکنے کیلئے کانگریس کو مضبوط بنائیں۔ مذکورہ خیالات کا اظہار سہنوا گاؤں میں کانگریس کے رکن پارلیمنٹ امیدوار اور ریاستی صدر ڈاکٹر نرمل کھتری نے کیا۔ اس موقع پر تنویر احمد کی قیادت میں سیکڑوں لوگوں نے سماج وادی پارٹی چھوڑ کر کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔ مسٹر کھتری نے کہا کہ یہ گاؤں گنگا جمنی تہذیب والا ہے۔ یہاں کے لوگوں نے کانگریس کی مدد کرنے کا عہد کیا ہے۔ ہماری کوشش ہوگی کہ آئندہ وقت میں اس گاؤں میں ترقیاتی کام ہوں۔ انہوں نے الزام عائد کیاکہ گجرات میں میڈیا کو کروڑوں روپئے کی زمین دے کر چینلوں میں نریندر مودی اپنی تشہیر کروا رہے ہیں۔ مودی کا گراف دھیرے دھیرے گھٹ رہا ہے جس کا پورے ملک کو علم ہے۔ نریندر مودی ہمیشہ بٹوارے کی بات کرتے ہیں۔ دوسری
جانب اترپردیش کی سما جوادی پارٹی حکومت کے مدت کار میں سیکڑوں فساد ہوئے جس کی وجہ سے مسلمان سماج وادی پارٹی کی مدد کرنے کے باوجود ٹھگا محسوس کر رہا ہے۔ سپریم کورٹ نے بھی مظفرنگر فساد میں ریاستی حکومت کی سرزنش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماج وادی پارٹی، بہوجن سماج پارٹی اور بھارتیہ جنتا پارٹی سے محتاط رہیں اور کانگریس کو مضبوط بنائیں۔ میڈیا انچارج اگر سین مشرا نے بتایا کہ اس موقع پر سماج وادی پارٹی چھوڑ کر تنویر احمد، گاؤں پردھان ذوالفقار عالم، چاند عالم، سورج عالم، رحیم اللہ، انیس احمد، رام نہال سنگھ، جمال احمد، محمد اسلام صدیقی وغیرہ نے کانگریس کی رکنیت حاصل کی۔اس موقع پر ریاستی سکریٹری راجندر پرتاپ سنگھ، سنیل پاٹھک، جعفر موسیٰ سریندر سنگھ، ناتھ بخش سنگھ اور رام ناتھ بھارتی وغیرہ موجود تھے۔