لکھنؤ۔پرگتی پریاورن سنرکشن سمیتی کے زیر اہتمام یوپی مہوتسو کے چوتھے دن جہاں لوگوں نے زبردست خریداری کی وہیں بچوں نے خوب تفریح بھی کی۔ یہاں منعقد ثقافتی پروگرام سے بھی لوگ لطف اندوز ہوئے۔
نشاط گنج کے راجکیہ انٹر کالج میں چل رہے یو پی مہوتسو میں کافی بھیڑ دیکھنے کو ملی۔ جمعہ کی شام کو ثقافتی پنڈال میں سجت البیلا نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ زبردست موسیقی اور نغمہ پیش کر کے لوگوں کو مسحور کر دیا۔ اس دوران پرینکا ٹنڈن ، پریا اورانکیتا نے میرا بائی ڈرامہ پیش کیا جبکہ ماسٹر ابھیشیک اپادھیائے نے دیوی گیت اور دنیش پنڈت و برجیش نے ماحولیات تحفظ کے تئیں بیداری کیلئے ایک ڈرامہ پیش کیا۔ یوپی مہوتسو میں بچوں اور نوجوانوں کیلئے گلو کاری کے مقابلوں کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں ویش تیواری نے حب الوطنی کے نغمے پیش کئے۔
یو پی مہوتسو کے چوتھے دن کافی تعداد میں لوگ یہاں پہنچے حالانکہ سخت سردی اور ہوا میں تیزی بھی تھی لیکن اس کے باوجود لوگوں نے مہوتسو کا لطف لیا۔ یہاں لگے کھانے پینے کے اسٹالوں پر بھی کافی بھیڑ دکھائی دی۔