لکھنؤ۔پارہ علاقہ میں نشہ میں موٹر سائیکل سوار نے ایک خاتون کو ٹکر مار دی۔ حادثہ میں زخمی خاتون کی علاج کے دوران ٹراما سینٹر میں موت ہو گئی۔ ناراض گاؤں والوں نے فتح گنج پاور ہاؤس کے سامنے لاش کو رکھ کر ڈیڑھ گھنٹے تک مظاہرہ کیا۔ مظاہرہ کے دوران وہاں کافی دیر تک جام بھی لگا رہا۔ کاکوری کی ڈدھیا گاؤں کی رہنے والی ۳۵ سالہ کرن راجہ جی پورم سے مزدوری کر کے اپنے گھر جا رہی تھی۔ راستہ میں بھروسہ موڑ پر شراب کے نشہ میں تین موٹر سائیکل سواروں نے اسے ٹکر مار دی اور فرار ہو گئے۔ مقامی لوگوں نے اس کی اطلاع پولیس کو دی۔ پولیس نے اسے سنگین حالت میں ٹراما سینٹر میں بھرتی کیا جہاں علاج کے دوران اس کی موت ہو گئی۔
کرن کے شوہر کی ایک سال پہلے ہی موت ہو چکی ہے۔ اس کے تین بجے ہنا(۷)، انوج(۵) اور مالتی (۳) ہیں۔
مقامی گاؤں والوں نے تینوں موٹر سائیکل سواروں کی شناخت ننھئی ،سونو، ننکے کے طور پر کی ہے۔ موت کی خبر سن کر اس کے بچوں کا برا حال تھا۔ وہیں پوسٹ مارٹم کے بعد مقامی لوگوں نے فتح گنج پاور ہاؤس کے سامنے لاش رکھ کر مظاہرہ کیا اور دس لاکھ روپئے معاوضہ اور ملزمین کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ موقع پر پہنچے پارہ انسپکٹر وجے پرتاپ یادو نے لوگوں کو یقین دہانی کراکر واپس کر دیا۔